دورہ بھارت سے انکارپر کونسل ایکشن نہیں لے گی پاکستان کویقین

آسٹریلوی انڈر 19ٹیم ورلڈکپ کیلیے بنگلہ دیش نہیں گئی تو بھی کوئی اعتراض نہ کیا، آفیشل


Sports Reporter February 16, 2016
ہم خود فیصلہ نہیں کرسکتے،حکومت کی اجازت ملنے پرہی ورلڈ ٹی20 کا حصہ بنیں گے فوٹو: فائل

ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وجوہات پر آسٹریلیا نے انڈر 19ورلڈکپ کیلیے بنگلہ دیش نہ جانے کا فیصلہ کیا تو کونسل نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، ہم خود فیصلہ نہیں کرسکتے، حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر ہی پڑوسی ملک میں شیڈول میگا ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کچھ عرصے سے بھارت میں پاکستانیوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں ہورہا، انتہاپسندوں نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی بھارتی ہم منصب سے ملاقات تک نہیں ہونے دی، ان حالات میں قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت حکومتی اجازت سے مشروط کی گئی ہے۔

گرین سگنل ملنے پر گرین شرٹس بھارت کیلیے رخت سفر باندھیں گے،میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کررہی تھیں کہ آئی سی سی نے میگا ایونٹ میں شرکت سے انکار پر پی سی بی کو قانونی کارروائی کی دھمکی دی، دوسری جانب بورڈ کو یقین ہے کہ کوئی ایکشن نہیں لیا جائے گا، بھارتی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے ایک بورڈ عہدیدار نے کہاکہ کونسل کے اجلاس میں پی سی بی نے سیکیورٹی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اس وقت سے اب تک اس معاملے میں حکام کی طرف سے کوئی بات نہیں کی گئی،ان ہی وجوہات پر آسٹریلیا نے انڈر 19 ورلڈکپ کیلیے بنگلہ دیش نہ جانے کا فیصلہ کیا تو کونسل نے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، سیکیورٹی کا معاملہ ہو تو تمام بورڈز اپنی حکومتوں کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں،ہمارے خدشات بجا اور آئی سی سی کو ان کے بارے میں آگاہ بھی کرچکے ہیں، ہم بھی خود فیصلہ نہیں کرسکتے، حکومت کے جواب کا انتظار ہے، اجازت ملنے پر ہی بھارت میں میگا ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔

مقبول خبریں