ریکارڈ شکن مک کلم کی ٹیسٹ ایکسپریس آخری اسٹیشن پر پہنچ گئی

انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت ہورہا ہوں لیکن میرے اندر جنگجو بدستور موجود ہے، مک کلم


Sports Desk February 25, 2016
مک کلم نے ٹیسٹ میں 12 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی مدد سے 6 ہزار 453 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

برینڈن مک کلم کی ٹیسٹ ایکسپریس بھی اپنے آخری اسٹیشن پر پہنچ گئی، 2004 میں سفر شروع کرنے والے کیوی کرکٹر 12 برس تک کھیل کے میدانوں میں اپنا جادو جگاتے رہے،

آخری ٹیسٹ کو تیز ترین سنچری اور سب سے زیادہ چھکوں سے رنگین بنایا، ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت ہورہا ہوں لیکن میرے اندر جنگجو بدستور موجود ہے۔ برینڈن مک کلم نے اپنے ٹیسٹ سفر کا آغاز مارچ 2004 میں جنوبی افریقا کے خلاف ہیملٹن میں کیا اوراختتام کرائسٹ چرچ میں آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں کیا، اس دوران انھوں نے مجموعی طور پر 101 ٹیسٹ کھیلے۔

اپنے آخری مقابلے کو وہ فتح سے یادگار تو نہیں بنا پائے مگر اس میں انھوں نے 54 بالز پر سنچری اسکور کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا، اسی طرح ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ 107 چھکوں کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ مک کلم نے مجموعی طور پر 6 ہزار 453 ٹیسٹ رنز 38.64 کی اوسط سے بنائے، جس میں 12 سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

آخری ٹیسٹ میں انھیں نہ صرف اپنے ساتھی کھلاڑیوں بلکہ آسٹریلوی ٹیم نے بھی گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ تماشائیوں نے بھی تالیوں کی صورت میں بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ مک کلم کا کہنا ہے کہ اگرچہ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے رخصت ہورہا ہوں مگر میرے اندر ایک جنگجو موجود ہے، مجھے امید ہے کہ لوگ مجھے مثبت کرکٹر کے طور پر یاد رکھیں گے، ٹیم کو ایک بہتر پوزیشن میں چھوڑ کر جارہا ہوں۔

 

مقبول خبریں