ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو شکست دیدی

بنگلا دیش کی جانب سے محمد اللہ 49 اور شکیب الحسن 33 رنز بنا کر سرفہرست رہے۔


Sports Desk March 21, 2016
بنگلا دیش کی جانب سے محمد اللہ 49 اور شکیب الحسن 33 رنز بنا کر سرفہرست رہے۔ فوٹو: آئی سی سی

ورلڈ ٹوئنٹی گروپ 2 کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے بنگلا دیش کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔


بھارتی شہر بنگلور میں کھیلے گئے ورلڈکپ گروپ 2 کے میچ میں بنگلا دیش نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، عثمان خواجہ اور شین واٹسن نے ٹیم کو 62 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا خواجہ نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ واٹسن 21 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، کپتان اسمتھ 14 وار ڈیوڈ وارنر 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ گلین میکس ویل نے 26 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ مچل مارش صرف 6 رنز بناسکے۔

بنگلا دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 3، مستفیض الرحمان نے 2 اور ال امین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے کپتان اسٹوین اسمتھ نے ٹاس جیت کر بنگلادیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بنگلا دیش کی جانب سے محمد متھن اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا، سومیا دوسرے ہی اوور میں ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ شبیر رحمان 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ متھن نے تیسری وکٹ کیلیے شکیب الحسن سے ملکر 37 رنز کی شراکت داری قائم کی، متھن 23 اور شکیب 33 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ شوواگاٹا ہوم نے 13 رنز بنائے۔ محمد اللہ اور مشفق الرحیم نے چھٹی وکٹ کیلیے 51 رنز کی تیز شراکت داری قائم کرکے ٹیم کا اسکور مستحکم کیا، محمد اللہ 29 گیندوں پر 49 اور مشفق 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمبا نے 3 اور شین واٹسن نے 2 وکٹیں حاصل کی۔

مقبول خبریں