پاکستان کے جوہری پروگرام پر عالمی اعتماد

پاکستان میں کبھی بھی کوئی جوہری حادثہ پیش نہیں آیا، اعزاز چوہدری


Editorial April 01, 2016
پاکستان میں کبھی بھی کوئی جوہری حادثہ پیش نہیں آیا، اعزاز چوہدری، فوٹو؛ فائل

پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے واشنگٹن میں بتایا ہے کہ پاکستان میں کبھی بھی کوئی جوہری حادثہ پیش نہیں آیا اور نہ ہی سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ درپیش آیا ہے لہٰذا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں کسی قسم کی تشویش ظاہر کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

امریکا میں ہونے والی جوہری سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد پاکستانی سفارتخانے میں پریس بریفنگ کے دوران سیکریٹری خارجہ نے مکمل تیقن کے ساتھ کہا کہ پاکستان کی ایٹمی تنصیبات نہ صرف یہ کہ مکمل طور پر محفوظ ہیں بلکہ پوری دنیا بھی اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ اس حوالے سے کسی خطرے یا تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے لہٰذا اگر پاکستان کی جوہری تنصیبات کے بارے میں کسی بھی جانب سے کسی قسم کے کوئی شکوک و شبہات کا اظہار کیا جائے تو وہ محض بے بنیاد اور بے معنی ہوگا۔

جناب اعزاز چوہدری نے بتایا کہ بین الاقوامی اٹامک انرجی ایجنسی نے دنیا بھر میں ہونے والے 2,734 واقعات کو ریکارڈ کیا ہے جن میں صرف بھارت میں 5 واقعات پیش آ چکے ہیں لیکن پاکستان کے 40 سال پرانے جوہری پروگرام میں ایک بھی ایسا نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ انھوں نے بتایا کہ پاکستان نے اس ماہ کے اوائل میں ایٹمی توانائی کے ترمیم شدہ کنونشن پر دستخط کیے ہیں جس سے جوہری معاملے میں ہمارے بھر پور اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔

سیکریٹری خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے پاس طویل فاصلے اور کم فاصلے پر مار کرنے والے ایٹمی میزائل موجود ہیں جن کا مقصد کسی پر حملہ کرنا ہر گز نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنا دفاع کرنا ہے۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام دفاعی ہے اور اس کا مقصد کسی پر جارحیت نہیں ہے' اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرولر سسٹم بھی انتہائی فول پروف ہے' آئی اے ای اے بھی اس کی تصدیق کر چکی ہے' پاکستان میں کبھی کوئی ایٹمی حادثہ نہیں ہوا' اس کے برعکس روس میں چرنوبل کا مشہور حادثہ ہو چکا ہے' بھارت میں بھی تابکاری کے کئی واقعات ہو چکے ہیں' عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر اعتماد کا اظہار پاکستان کی اہم کامیابی ہے۔

مقبول خبریں