مصباح الحق نے دورہ انگلینڈ پر نگاہیں مرکوز کرلیں

انضمام کی تقرری خوش آئند ہے، فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کیلیے کوشاں ہوں، ٹیسٹ کپتان


Sports Reporter April 18, 2016
انضمام کی تقرری خوش آئند ہے، فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کیلیے کوشاں ہوں،ٹیسٹ کپتان فوٹو : فائل

مصباح الحق نے دورئہ انگلینڈ پر نگاہیں مرکوز کرلیں، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ اپنی فارم اور فٹنس برقراررکھنے کیلیے سخت محنت کررہا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق نے کہا ہے کہ اہم دورہ انگلینڈ کیلیے اپنی فارم اور فٹنس برقرار رکھنے کیلیے سخت محنت کررہا ہوں، اچھی طرح آگاہ ہوں کہ ٹیسٹ میچز میں بطور کپتان اور کھلاڑی میرا کردار اہم ہوگا، پوری کوشش ہوگی کہ مشکل سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی پیش کرسکوں۔ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ فیصل آباد میں شیڈول پاکستان کپ میں نوجوانوں کیساتھ سینئرزکوبھی صلاحیتوں کے اظہار کا اچھا موقع ملے گا، اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی بیٹ سے گرد اتارنے کی کوشش کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے، سابق کپتان کو کھیل کو چھوڑے ہوئے زیادہ عرصہ نہیں ہوا، موجودہ کرکٹرز میں سے بھی کئی ان کیساتھ کھیل چکے ہیں، جدید کرکٹ سے واقفیت کی بنا پر بہتر کھلاڑیوں کا انتخاب کرسکیں گے، ان کی رہنمائی میں افغان ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی، امید ہے کہ پاکستان کیلیے بھی مفید ثابت ہونگے۔ مصباح الحق نے کہا کہ فیڈرل ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے اچھی میچ پریکٹس ہو پائے گی،دیگر کرکٹرز کو بھی فارم اور فٹنس حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔

مقبول خبریں