وزیراعظم نے ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پرلڑکی کے قتل کا نوٹس لے لیا

غیرت کے نام پر قتل کے واقعات غیر اسلامی اور غیر انسانی بھی ہیں جو کسی صورت بھی قبول نہیں، وزیراعظم


ویب ڈیسک May 06, 2016
غیرت کے نام پر قتل کے واقعات غیر اسلامی اور غیر انسانی بھی ہیں جو کسی صورت بھی قبول نہیں، وزیراعظم، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں غیرت کے نام پر لڑکی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ایبٹ آباد میں ہونے والے دلخراش واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جب کہ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ واقعہ میں قتل میں ملوث عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور ظالمانہ جرم کے مرتکب ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات نہ صرف غیر اسلامی ہیں بلکہ غیر انسانی بھی ہیں جب کہ غیرت کے نام پر ایسا فعل صرف قتل قرار دیا جاسکتا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔

واضح رہے کہ ایبٹ آباد کے گاؤں مکول سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ عنبرین نامی لڑکی کو جعلی مقامی جرگے نے اپنی سہیلی صائمہ کے مبینہ فرار میں مدد دینے کے الزام میں ہلاک کرنے کا حکم دیا تھا ۔ علاقے کے کونسل ناظم پرویز اور 15 افراد پر مشتمل جرگہ نے لڑکی کو پہلے دوپٹہ گلے میں ڈال کر پھندا لگایا اور بعد میں فرار میں ملوث سہولت کار مبینہ مفرور صدیق کی گاڑی میں لاش کو سیٹ کے ساتھ باندھ کر آگ لگا دی تھی۔

مقبول خبریں