کوہلی کے بیٹ سے رنز کا سیلاب پونے کو بھی لے ڈوبا

بنگلور7وکٹ سے کامیاب،کپتان کی سنچری، پنجاب نے دہلی کو9رنز سے زیر کرلیا


Sports Desk May 08, 2016
بنگلور7وکٹ سے کامیاب،کپتان کی سنچری، پنجاب نے دہلی کو9رنز سے زیر کرلیا۔ فوٹو: آئی پی ایل

کوہلی کے بیٹ سے رنز کا سیلاب پونے کو بھی لے ڈوبا،رائل چیلنجرز بنگلور نے یکطرفہ مقابلہ7 وکٹ سے جیت لیا، کنگز الیون پنجاب نے دہلی ڈیئرڈیولز کو دلچسپ مقابلے میں9رنز سے زیر کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور نے رائزنگ پونے سپر جائنٹس کو 7 وکٹ سے مات دے دی، فاتح ٹیم نے 192 کا ہدف کپتان کوہلی کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت3 بالز قبل تین وکٹ پر حاصل کرلیا، انھوں نے پہلی وکٹ کیلیے لوکیش راہول (38) کے ہمراہ 94رنز کی شراکت بنائی، شین واٹسن نے 36رنز اسکور کیے، کوہلی نے 8 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 58 گیندوں پر 108 رنز ناٹ آؤٹ بناکر میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پایا، اس سے قبل ناکام سائیڈ نے 6 وکٹ گنواکر191رنز اسکور کیے۔

اوپنر اجنکیا راہنے 74اور سورابھ تیواری 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے، شین واٹسن نے 3 وکٹیں لیں، دوسرے میچ میں کنگز الیون پنجاب نے دہلی ڈیئرڈیولز کو 9رنز سے ہرادیا، فاتح الیون نے5 وکٹ پر 181رنز جوڑے، مارکس اسٹونیز اور وردھیمان ساہا نے52،52کی اننگز کھیلیں۔ دہلی کی ٹیم 5 وکٹ پر 172رنز سے آگے نہ بڑھ سکی، کوائنٹن ڈی کک 52 اور سنجو سیمسن49رنز بناکرنمایاں رہے، مارکس اسٹونیز نے 3 وکٹیں لیں۔

مقبول خبریں