جھوٹی مقدمہ بازی روکنے کے لیے ضابطہ دیوانی میں ترمیم کا فیصلہ

وطن عزیز کی عدالتوں میں مقدمات کی اس قدر بھرمار ہے کہ ان کا صحیح اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا


Editorial May 16, 2016
عدالتوں سے جھوٹے مقدمات کے اخراج کے بعد جیلوں میں جو لاتعداد قیدی جھوٹے مقدمات کی بنا پر قید و بند کے عذاب میں مبتلا ہیں فوٹو : فائل

وطن عزیز کی عدالتوں میں مقدمات کی اس قدر بھرمار ہے کہ ان کا صحیح اندازہ ہی نہیں لگایا جا سکتا۔ ان مقدمات میں سے بیشتر سال ہا سال سے زیر التوا ہیں۔ بالخصوص دیوانی مقدمات کے بارے میں تو یہ مثل مشہور ہے کہ اگر دادا کی طرف سے دائر کیے گئے مقدمے کا اس کے پوتے کی زندگی میں فیصلہ ہو جائے تو اسے بھی غنیمت خیال کیا جانا چاہیے ورنہ کئی مقدمات تو نسل در نسل چلتے رہتے ہیں۔

اسی سلسلے میں ایک اخباری خبر کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر کی عدالتوں میں جھوٹی مقدمہ بازی روکنے کے لیے ضابطہ دیوانی میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ترامیم کی منظوری کے بعد جھوٹی مقدمہ بازی کرنیوالے کو عدالتوں کی طرف سے بھاری جرمانے کرنے کا اختیار ہو گا۔ وزیر اعظم نے وزیر قانون کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جسے عدالتوں میں جعلی مقدمہ بازی روکنے کے لیے ضابطہ دیوانی میں ترامیم کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

اس کمیٹی کی جانب سے تیار کی گئی ابتدائی سفارشات کے مطابق ضابطہ دیوانی کی دفعہ 35 اور 35-A کے ساتھ 35-B اور C کا اضافہ کیا جائے گا۔ واضح رہے ضابطہ دیوانی کی موجودہ دفعہ 35 اور 35-A کے مطابق جعلی مقدمہ بازی پر عدالت کو زیادہ سے زیادہ صرف 25 ہزار روپے تک جرمانہ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ خصوصی کمیٹی کی ابتدائی سفارشات کے مطابق جرمانہ کی شرح میں زیادہ اضافہ کیا جا رہا ہے۔

مجوزہ ترامیم کے بعد عدالتوں کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ اگر کسی ریکارڈ یا دوسرے ذرایع سے محسوس ہوکہ ان کے روبرو جعلی درخواست یا دعویٰ دائر کیا گیا ہے تو وہ متعلقہ شخص کو بھاری جرمانہ عائد کر سکے گی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جعلی مقدمہ بازی کی وجہ سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ خوفناک حد تک بڑھ رہا ہے۔

عدالتوں سے جھوٹے مقدمات کے اخراج کے بعد جیلوں میں جو لاتعداد قیدی جھوٹے مقدمات کی بنا پر قید و بند کے عذاب میں مبتلا ہیں ان بے چاروں کی رہائی کے بارے میں بھی حکومت کو سوچنا چاہیے کیوں کہ گھر کے کسی ایک فرد کے جیل میں بند ہونے سے اس کا پورا خاندان جرم بے گناہی کے شدید عذاب میں مبتلا ہو جاتا ہے۔

مقبول خبریں