نائٹ ٹیسٹ پاکستان سے میچ کا خوف کیریبیئن اعصاب پر سوار

ہمیں رات میں گلابی گیند کے ساتھ طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں، ویسٹ انڈین کوچ فلپ سمنز


Sports Desk July 06, 2016
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ستمبر میں ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ فلڈلائٹس میں ہوگا، فوٹو: فائل

IDAHO: پاکستان سے نائٹ ٹیسٹ کا خوف کیریبیئن کرکٹرز کے اعصاب پر سوار ہونے لگا، کوچ فل سمنز رات میں طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے کے تجربے کی کمی کا رونا رونے لگے، ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی بھی اس حوالے سے خدشات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ستمبر میں ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ فلڈلائٹس میں ہوگا، یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں شیڈول ہے، کیریبیئن بورڈ پاکستانی تجویز سے اتفاق کرچکا تاہم کوچ فل سمنز اور کھلاڑی خدشات کا شکار ہیں۔ سمنز نے کہاکہ نائٹ ٹیسٹ ہمارے لیے مشکل ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ ہمیں رات میں پنک گیند کے ساتھ طویل طرز کی کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں، ہمیں معلوم نہیں کہ فلڈ لائٹس میں پنک گیند کا رویہ کیسا رہتا اور نہ ہی ہم یہ جانتے ہیں کہ اس میچ میں کیا ہوگا، البتہ یہ شائقین کے لیے بہرحال ایک منفرد تجربہ ہوسکتا ہے، جس میں انھیں روایتی کرکٹ رات کو دیکھنے میں ملے گی۔

سمنز نے بتایاکہ کھلاڑیوں نے مجھ سے کہا کہ نائٹ ٹیسٹ کرائوڈ کے نکتہ نظر سے اچھا فیصلہ ہے مگر ان کے اس پر اپنے ہی کچھ تحفظات ہیں، کھیلنے سے قبل وہ کچھ چیزوں کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ خود ویسٹ انڈیز بھی آئندہ برس اپنی ہوم سیریز کے دوران ایک ٹیسٹ فلڈ لائٹس میں کھیلنے کا خواہاں ہے،پاکستان بھی ویسٹ انڈیز سے یو اے ای میں نائٹ ٹیسٹ کھیل کر خود کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کیلیے تیار کرنا چاہتا ہے، یہ رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا سے ڈے نائٹ مقابلہ ہوگا۔بھارتی کرکٹ بورڈ بھی نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں ایک نائٹ ٹیسٹ چاہتا تھا مگر حریف کی جانب سے کنڈیشنز پر اعتراض کے بعد اس پروگرام کو موخر کرنا پڑا۔

مقبول خبریں