پانی کی قلت سرمایہ کاری میں بھی رکاوٹ بن گئی

صنعتی علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیارکرنے سے کئی صنعتوں نے اپنی پیداواری شفٹوں کوکم کردیا ہے


Business Reporter August 02, 2016
صنعتی علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیارکرنے سے کئی صنعتوں نے اپنی پیداواری شفٹوں کوکم کردیا ہے فوٹو: فائل

DHAHRAN, SAUDI ARABIA: سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے میں پانی کی بدستور قلت کی وجہ سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگ گیا ہے، مطلوبہ پانی نہ ملنے کے سبب صنعتیں بندش کی جانب گامزن ہوگئی ہیں، متعلقہ اداروں کوباربارآگہی کے باوجود اس اہم مسئلے کے حل کے لیے تاحال ان اداروں کی جانب سے عدم دلچسپی کا اظہارکیا جارہا ہے۔

صنعتی علاقے میں پانی کا بحران شدت اختیارکرنے سے کئی صنعتوں نے اپنی پیداواری شفٹوں کوکم کردیا ہے جس کی وجہ سے صنعتی ورکروں کی ایک بڑی تعدادبے روزگار ہوگئی ہے، متعلقہ اداروں کی جانب سے علاقے کے لیے پانی کی مطلوبہ مقدار کی فراہمی میں مزید عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا تو علاقے کی صنعتوں سے وابستہ ہزاروں ورکروں کی بے روزگاری کے خطرات پیدا ہوجائیں گے۔ سائٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر مہتاب الدین چاؤلہ نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ علاقے کے صنعتکار پانی کے بدترین بحران سے دلبرداشتہ ہوگئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی علاقے کو منظور شدہ پائپ لائن سے پانی پہلے ہی دستیاب نہ تھا لیکن اب ٹینکروں کے ذریعے بھی ان صنعتوں کو پانی کے حصول سے محروم رکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے فیکٹریوں میں پیداواری عمل منجمد برآمدی آرڈروں کی تکمیل متاثر ہوگئی ہے۔ مہتاب چاؤلہ نے کہا کہ قومی خزانے میں 65 فیصد سے زائد ریونیو دینے والے شہر کے صنعتکار مسائل کاشکار اورپانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے ہیں اور اگر ایکسپورٹرز نے بر وقت برآمدی شپمنٹ نہ بھیجی تو ایکسپورٹس کے آرڈرز ملتوی ہوجائیں گے اور کم ہوتی ہوئی برآمدات کو مزید جھٹکا لگ سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی بہتر صورتحال نے غیرملکیوں کو بھی ایک بار پھر کراچی کا رخ کرنے کے لیے سوچنے پر مجبور کردیا ہے اور امن وامان کی بہتر صورتحال بلاشبہ رینجرز کی بہترین کا رکردگی کا نتیجہ ہے جس میں پولیس کے جوانوں کا بھی حصہ شامل ہے، تاہم کراچی آپریشن کو جاری رکھنے اور امن وامان کو مزیدمستحکم بنانے کے لیے رینجرز کو کم سے کم تین سال کے لیے مزید اختیارات دینے کی ضرورت ہے جس کے لیے صوبائی حکومت بلاتاخیر اعلان کرے۔

مقبول خبریں