13سالہ گوریکا کم عمر ترین اولمپئن کا اعزاز پائیںگی

41 برس کی ازبکستانی اوکساناکے حصے میں عمررسیدہ جمناسٹ کا ریکارڈ آئے گا


Sports Desk August 05, 2016
41 برس کی ازبکستانی اوکساناکے حصے میں عمررسیدہ جمناسٹ کا ریکارڈ آئے گا ۔ فوٹو : فائل

ریو گیمز میں نیپال کی 13سالہ گوریکا سنگھ کم عمر ترین اولمپئن کا اعزاز پائیں گی، 41 برس کی ازبکستانی اوکسانا چوسو وتینا کے حصے میں عمر رسیدہ جمناسٹ کا ریکارڈ آئیگا۔

تفصیلات کے مطابق نیپال کے 7 رکنی دستے میں13 سالہ تیراک گوریکا سنگھ شامل ہیں، وہ ریو گیمز میں حصہ لینے والی سب سے کم عمر ایتھلیٹ بن جائیں گی، نیپالی میڈیا گوریکا کو اولمپکس میں اپنے ملک کے لیے میڈل جیتنے کی واحد امید بھی قرار دے رہا ہے، نوعمر ایتھلیٹ نے بھارت میں منعقدہ جنوبی ایشیائی سیف گیمز میں چار میڈلز جیتے تھے، نیپال میں پیدا ہونے والی گوریکا اب لندن میں مقیم ہیں۔دوسری جانب41 سالہ ازبک اوکسانا چوسووتینا ریوگیمز میں حصہ لینے والی سب سے عمر رسیدہ جمناسٹ بننے جارہی ہیں، وہ بیجنگ اولمپکس میں بھی چاندی کا تمغہ جیت چکیں اور اسے اپنی بہترین یاد قرار دیتی ہیں،بی بی سی سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ وہ دنیا کو دکھانا چاہتی ہیں کہ تمغہ جیتنے کے لیے عمر کوئی معنی نہیں رکھتی۔

جب سامنے ایک مقصد ہو جسے پانے کے لیے آپ پُرعزم ہوں تو کچھ بھی ممکن ہے، اوکسانا ان چند ویمنز جمناسٹس میں شامل ہیں جنھوں نے ماں بننے کے بعد بھی بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کی اور تمغے پانے میں بھی کامیاب رہیں، انھیں3 ملکوں کی جانب سے عالمی مقابلوں میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے، سب سے پہلے انھوں نے سوویت یونین کے پرچم تلے مقابلوں میں حصہ لیا، پھر جرمنی کی جانب سے شرکت کی، اس کے بعد اب اپنے آبائی ملک ازبکستان کی جمناسٹک ٹیم کا حصہ ہیں،1992کے بارسلونا اولمپکس سے اب تک اوکسانا 6بار ان گیمز میں حصہ لے چکی ہیں۔

مقبول خبریں