دورہ بنگلہ دیش انگلش کرکٹرز کے خدشات ختم نہ ہوسکے

بورڈ سیریزپرحامی بھرچکا،بٹلر سمیت بعض کھلاڑی جانے سے انکارکردیںگے،ذرائع


Sports Desk August 28, 2016
بورڈ سیریزپرحامی بھرچکا،بٹلر سمیت بعض کھلاڑی جانے سے انکارکردیںگے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

انگلش کرکٹرز کے دورہ بنگلہ دیش پر خدشات ختم نہ ہو سکے، گوکہ بورڈ سیریز پر حامی بھر چکا مگر امکان ہے کہ بعض کھلاڑی جانے سے انکار کر دیں، جوز بٹلر نے اس کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت اور بورڈ کی جانب سے سیکیورٹی یقین دہانی پر انگلینڈ نے اکتوبر میں ٹور کی تصدیق کر دی ہے، البتہ کھلاڑی بدستورتذبذب کا شکار ہیں، بورڈ کے سیکیورٹی مشیر ریگ ڈکسن نے گذشتہ دنوں پلیئرزاور آفیشلز کو حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی تھی مگر ان کے خدشات ختم نہیں ہوئے.

انگلش ٹیم 3 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کیلیے ٹیم 30 ستمبر کو ڈھاکا پہنچے گی، وکٹ کیپر جوز بٹلر دورے سے انکار کا عندیہ دے چکے ہیں، یہ بات بھی یقینی ہے کہ انگلش ڈریسنگ روم میں ان کے مزید ہم خیال کرکٹرز بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب بورڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ اینڈریو اسٹروس پہلے ہی واضح کرچکے کہ دورے کیلیے کسی بھی کھلاڑی پر زور نہیں دیں گے، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آئندہ پانچ ہفتوں میں وہاں کوئی اور ناخوشگوار واقعہ پیش آگیا تو انگلش ٹیم ٹور نہیں کرے گی، انھوں نے مزید کہا کہ ابھی ہمیں کچھ پلیئرز کو قائل کرنے کی ضرورت ہے،انھوں نے انگلش شائقین کے ڈھاکا جانے پر واضح کیا کہ بنگلہ دیشی بورڈ اور حکومت نے ٹیم اور انتظامیہ کے لیے اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی اور فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کرائی ہے،شائقین کو ڈھاکا جانے کا فیصلہ خود کرنا چاہیے،وہ اس سلسلے میں برطانوی فارن آفس کی ہدایات کو مدنظر رکھیں جسے اپنے شہریوں پر حملوں کا خدشہ ہے، خصوصاً پُرہجوم مقامات پر حملوں کا خطرہ نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

 

مقبول خبریں