برازیل کی بلڈنگ میں دنیا کا بلند ترین کثیر المنزلہ قبرستان

بلڈنگ میں قبرستان میں 25 ہزار مردوں کو رکھنے کے لیے جگہ بنائی گئی ہے۔


ویب ڈیسک September 02, 2016
بلڈنگ میں قبرستان میں 25 ہزار مردوں کو رکھنے کے لیے جگہ بنائی گئی ہے۔ فوٹو: اوڈتی سینٹرل

دنیا میں اراضی کی تنگی کی وجہ سے ہرسال لاکھوں افراد کی تدفین کے لیے جگہ کم پڑتی جارہی ہے اور اس کے حل کے لیے برازیل میں دنیا کی سب سے اونچی قبرستان بلڈنگ بنائی گئی ہے جہاں 25 ہزار افراد کو رکھنے یا دفنانے کا انتظام کیا گیا ہے۔

برازیل کے شہر سانتوس میں میموریل نیکروپول ایکومینیکا کی عمارت 1983 میں تعمیر کی گئی تھی لیکن اس وقت یہ عمارت بہت چھوٹی تھی۔ آج یہ 108 میٹر بلند عمارت میں تبدیل ہوچکی ہے جہاں کئی کمرے، ایک باغ، چھوٹا آبشار، ایک چرچ اور ریستوران بھی ہے۔



اس وقت یہاں موجود چند قبریں بھی ہیں اور سیاح انہیں دیکھنے کے لیے آتے ہیں جسے دنیا کی سب سے اونچی قبرستان بلڈنگ کہا جاسکتا ہے۔ اس عمارت میں قبر خریدنا بہت مہنگا عمل ہے جب کہ قبر کی جگہ جتنی اونچی منزل پر ہوگی وہ اتنی ہی مہنگی فروخت ہورہی ہے۔

32 منزلہ اس عمارت کی ہر منزل پر کئی بلاکس ہیں اور ہر بلاک میں 150 مقبرے ہیں اور ہر مقبرے میں 6 قبریں بنائی جاسکتی ہیں۔ ان قبروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ہوا کے گزرنے کا راستہ بنایا گیا ہے تاکہ قبرستان ٹھنڈا رہے۔ یہاں کی انتظامیہ کے مطابق ایک لاش کو ختم ہونے میں 3 سال لگتے ہیں اور اس کے بعد اہلِ خانہ اپنے عزیزوں کی باقیات کو ضائع کرنے یا دوسری جگہ منتقل کرنے کی سہولیات بھی موجود ہیں۔



قبر کا 3 سال کا کرایہ 6 سے 21 لاکھ پاکستانی روپوں کے مساوی ہے جب کہ اگر کوئی خاندان دفن ہونے کے لیے جگہ چاہتا ہے تو اس کا معاوضہ 50 لاکھ روپے تک ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق یہ دنیا کا بلند ترین قبرستان ہے جبکہ اسرائیل میں بھی جگہ کی کمی کی وجہ سے عمارتوں میں قبرستان قائم کیے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت میں ایک مقام پر ایسی قبریں موجود ہیں۔

مقبول خبریں