پی ٹی آئی نے کے ایم سی کونسل ہاؤس میں بانی ایم کیوایم کے خلاف قرارداد جمع کرادی

تحریک انصاف ملک دشمنوں کے خلاف اپنی آواز ہر فورم ہر اٹھائے گی، عمران اسماعیل


ویب ڈیسک September 27, 2016
تحریک انصاف ملک دشمنوں کے خلاف اپنی آواز ہر فورم ہر اٹھائے گی، عمران اسماعیل،فوٹو:ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف نے کے ایم سی کونسل ہاؤس میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرادی۔

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کونسل ہاؤس میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈرفردوس شمیم نقوی کی زیر قیادت وفد نے کے ایم سی بلڈنگ میں واقع دفترمیں ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرا سے ملاقات کی۔ وفد میں عمران اسماعیل اور منصور شیخ بھی شامل تھے۔ وفد نے ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف قرارداد جمع کرائی۔

قرارداد میں الطاف حسین کی 22 اگست کو کی جانے والی تقریر کو حوالہ بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے بانی نے 22 اگست کو ملک کے خلاف ناقابل معافی تقریر کی جس کی پاکستان تحریک انصاف شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 6 کے تحت قانون کے مطابق ایم کیوایم کے بانی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اس سے پہلے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈپٹی مئیرکراچی کو جمع کرائی جانے والی قرارداد بدھ کو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے پہلے اجلاس میں بھی پیش کی جائے گی۔ یہ قرارداد پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر فردوس شمیم نقوی پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین و قانون کے مطابق ایسے عناصر کا قلع قمع کیا جائے جو ملک کے مخالف ہیں پاکستان تحریک انصاف ملک دشمنوں کے خلاف اپنی آواز ہر فورم ہر اٹھائے گی۔

مقبول خبریں