افغانستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

پاکستان پڑوسی برادر ملک سے بہتر تعلقات کا خواہاں اور افغانستان میں قیام امن کا حامی ہے


Editorial October 07, 2016
فوٹو: فائل

بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقدہ افغان ڈونر کانفرنس میں پاکستان نے افغانستان میں معاشی ترقی کے منصوبوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان پڑوسی برادر ملک سے بہتر تعلقات کا خواہاں اور افغانستان میں قیام امن کا حامی ہے، حالیہ نئی امداد کا اعلان پاکستان کے اس خلوص کی عکاسی کرتا ہے کہ تمام تر باہمی رنجشوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ خطے کے امن و استحکام اور افغان عوام کے وسیع تر مفاد میں مثبت اور راست اقدامات کیے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ برسلز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کو پاکستان کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان میں معاشی ترقی کے منصوبوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی نئی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طلبا کی اعلیٰ تعلیم کے لیے3 ہزار اسکالرشپس مہیا کی ہیں۔

افغانستان میں قیام امن خطے کے استحکام کے لیے بھی لازم ہے، دہشتگردی کسی ایک کا نہیں بلکہ تمام ممالک کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے پوری عالمی برادری کو متحد ہونا ہو گا۔ افغانستان کے لیے ڈونر کی جانب سے 15 ارب امریکی ڈالرز کی امداد کا اعلان واضح کرتا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک بھی افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے خواہاں ہیں۔

پاکستان برادر اسلامی ملک کی مالی امداد کے علاوہ افغانستان میں امن اور مفاہمت کے لیے چار فریقی رابطہ گروپ کے ذریعے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے سیاسی مذاکرات ہی قابل عمل طریقہ ہے۔ پاکستانی مشیر خارجہ کا طالبان کے لیے یہ پیغام صائب ہے کہ وہ امن کے عمل میں شریک ہوں، یہی وقت کا تقاضا ہے۔

 

مقبول خبریں