آواز کو روکنا ممکن نہیں گلوکارہ آنے والے وقت کی نئی لہر ہوں ھیفہ

2002 ء میں پہلی عربی میوزک البم ’’یہی وقت ہے‘‘ ریلیز ہوئی ،2006ء کی البم کے سانگ ’’میں ھیفہ ہوں‘‘نے دھوم مچادی


Showbiz Desk December 15, 2012
گلوکارہ ھیفہ نے کہا کہ زمانے میں فن کار کی راہ میں جو بھی رکاوٹیں آتی ہیں ان کا مقابلہ فن سے ہی کیا جاتا رہا ہے۔ فوٹو: فائل

آسکر ایوارڈ یافتہ لبنانی گلوکارہ ،اداکارہ اور ماڈل ھیفہ وھبی کے نئے گیت نے دھوم مچادی ۔

گلوکارہ ھیفہ کا کہنا ہے کہ فن پر کوئی پابندی نہیں لگائی جاسکتی ،میں آنیوالے وقت کی نئی لہر ہوں ، مداحوں کو اپنی آواز سے جگانے کی کوشش کرتی رہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ زمانے میں فن کار کی راہ میں جو بھی رکاوٹیں آتی ہیں ان کا مقابلہ فن سے ہی کیا جاتا رہا ہے۔ میرے مداحوں میں کوئی کمی نہیں ہوئی اور پابندیاں لگانے والوں کو مایوسی ہوئی۔عرب دنیا کی مقبول ترین گلوکارہ کی شناخت رکھنے والی ھیفہ وھبی کہتی ہیں کہ وہ گاتی رہیں گی۔گلوکارہ ھیفہ کاکہناہے کہ مصر ،لبنان ،مراکش سمیت کئی ملکوںمیں کنسرٹ میں پرفارم کیا۔ پابندیوں کے لیے واویلا بھی ہوا مگر شائقین کی بڑی تعداد نے ساری رکاوٹیں اور بندشیں ختم کردیں۔آخری دم تک گاتی رہوںگی۔ واضح رہے کہ10مارچ 1976کولبنان میںپیدا ہونے والی 36سالہ گلوکارہ کی والدہ مصری جب کہ والد لبنانی تھے۔ 2002میں شوبز میں قدم رکھا تو انھیں مقابلہ حسن میںجیت نے ''مس لبنان ''کے خطاب سے نواز دیا۔ماڈلنگ کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرکے اداکاری کے جوہر بھی دکھائے اور بین الاقوامی پراجیکٹ میں پرفارم کرکے دل موہ لیے۔

اسی سال ھیفہ کی پہلی عربی میں میوزک البم ''ہوالزمن ''(یہی وفت ہے)ریلیزہوئی۔اس البم سے ھیفہ مقبول ہوگئیں ۔اس کا ایک گیت زبان زد عام ہوا ،ھیفہ کی دوسری البم 2005کے دوران ''بدی عیش''(میں زندگی چاہتی ہوں)ریلیزہوئی۔اس کے بعد ھیفہ کی سیاستدان رفیق حریری کے لیے البم ''فریڈم''نے عرب دنیا میں بڑی شہرت پائی۔اس میں انسانی حقوق کے لیے آواز اٹھائی گئی تھی ۔2006میں ریلیزہونے والی البم کے سانگ ''انا ھیفہ'' (میں ھیفہ ہوں)نے دھوم مچادی،اس گیت نے گلوکارہ کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا ۔بعدازاں گیت ''بوس الواوا''کی دھوم مچی رہی یہ گیت ایک ملٹی نیشنل کمپنی کی تشہیر میں بھی استعمال کیا گیا۔اداکاری میں بھی کمال مہارت سے فن کا مظاہرہ کیا ۔گلوکارہ کی ٹی وی پروگرام میں پرفارمنس کو بھی بڑی پذیرائی ملی ،عرب چینلز پر کئی ممالک کے کروڑوں ناظرین ان کی پرفارمنس کے مداح ہوگئے۔ گلوکارہ کی آواز کے جادو نے شائقین کو عرب روایات سے ہٹ کر ہونیوالے شوز میں شرکت پر بھی مجبور کردیا۔

5

قبل ازیں 2005میں ھیفہ نے ٹی وی ریئٹلی شو''الوادی''کی میزبانی کی اس میں پرفارم کرتی رہیں ،10جون2006کو ھیفہ نے لائیو پرفارم کرکے پہلی عرب ریپر خاتون سنگر کا اعزاز حاصل کرلیا ۔پہلا کنسرٹ لبنان کے دارلحکومت بیروت میں کیا ۔مارچ 2010میں ھیفہ نے بچوں کے لیے البم ریلیز کی ،جس کے بعد ان کے مداحوں میں ہر عمر کے لوگ شامل ہوگئے۔فرانسیسی موسیقارکے ساتھ البم تیارکی۔پھرستمبر 2011 میں گلوکارہ کی البم ''البوابا''نے دھوم مچائی۔ 2012میں گلوکارہ کی نئی البم ''حسن کی ملکہ''ریلیز کی گئی۔ اس البم میں 14 گیت شامل کیے گئے ،یہ تمام گیت مشہور ہوئے۔ اسی سال اطالوی ڈائریکٹر کے ساتھ اس کے چنیدہ گیتوں کی وڈیو ریلیز کی گئی اور اٹلی میں اس نے بہت شہرت پائی۔ھیفۃ تین بہنوں میں بڑی ہیں، اکلوتے بھائی 1982 میں لبنان پر اسرائیلی حملے کے دوران 24سال کی عمرمیں جاں بحق ہوگئے۔2009 میں ھیفہ نے مصری تاجر احمد ابو ھشیمہ سے شادی کی۔یورپ اور امریکا سمیت کئی ملکوں میں لائیو کنسرٹ کیے۔ 2008میں ھیفہ پر بحرین کی پارلیمنٹ میں بحث ہوئی اور کئی ارکان نے ان پر پایندی لگانے کا مطالبہ کیا ۔ان ارکان کا کہنا تھا کہ ھیفہ جسم سے گاتی ہیں اور ان کی پرفارمنس نوجوانوں کو دیوانہ بنادیتی ہے ۔

اس کے باوجود ھیفہ نے اسی برس کنسرٹ میں پرفارم کیا ۔ھیفہ کی نئی البم کے گیت نے بھی عرب دنیا میں دھوم مچادی ہے۔ ھیفہ وھبی کے بارے میں عام تاثر یہ بھی رہا ہے کہ ان کی آواز سے زیادہ ان کی لائیو پرفارمنس کو دیکھنے کے لیے لوگ جمع ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں ایک عربی اخبارکی نئی رپورٹ میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ ھیفہ جب گاتی ہیں تو انھیں سننے کے لیے شائقین ریڈیو آن کرکے مست ہوجاتے ہیں اور ان کی ریڈیو پر آن ایئر ہونے والی آواز کا انتظار کرتے ہیں ،ھیفہ جب ریڈیو کے لیے لائیو گیت پیش کرتی ہیں تو عرب میوزک لورز کام کاج چھوڑ کر اسے سنتے ہیں ۔ھیفہ کی آواز کا جادو عرب ممالک میں ہی نہیں یورپ اور امریکا میں بھی سر چڑھ کر بولتا ہے۔ھیفہ کی 29جنوری 2011کو ایمسٹرڈیم میں کنسرٹ کے دوران عمدہ پرفارمنس کو شائقین ابھی تک فراموش نہیں کر پائے۔ 13مارچ میں ٹیکساس میں ہونیوالے کنسرٹ میں بھی ھیفہ کی پرفارمنس یادگار رہی ۔

ھیفہ نے 2002میں مصر کا اعلیٰ اعزاز ''گولڈن لائن ایوارڈ ''جیتا۔پھر 2004 میں مصر میں عمدہ پرفارمنس پر بیسٹ ینگ فی میل سنگر کا ایوارڈ حاصل کیا ۔ 2005 کے دوران ھیفہ کی دوسری البم ''بدی عیش ''پر انھیں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔اداکاری کے شعبے میں اگرچہ ھیفہ نے بہت کم کام کیا ہے لیکن جتنا بھی کام کیا ہے وہ سارا عالمی سطح کے معیار پر پورا اترتا ہے ۔ھیفہ کی البم مصر اور لبنان کے ہر میوزک سننے والوں کے پاس موجود ہے اخبار کے مطابق ھیفہ نے دسمبر کے آخر میں اپنی نئی البم لانے کا بھی اعلان کیا ہے ۔

مقبول خبریں