ٹینا ڈیسائی 2013ء کی پہلی بالی وڈ فلم میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار

’’ٹیبل نمبر 21‘‘روٹین سے ہٹ کر بنائی گئی ہے اس کے سبھی کرداروں نے بہت عمدگی سے اپنے کرداروں کو فلمایا ہے۔


Showbiz Desk December 20, 2012
خوش قسمت ہوں کہ 2013کے آغاز پر ہی میری فلم سینماگھروں کی زینت بنائی جارہی ہے،ٹینا ڈیسائی ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: بالی وڈ اداکارہ ٹینا ڈیسائی کی نئی فلم ''ٹیبل نمبر 21''ریلیز کے لیے تیار ہے ۔یہ فلم 4جنوری کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ اداکارہ ٹینا ڈیسائی کی سال نو کے لیے اس پہلی فلم کے ساتھ ہی بھارتی فلم انڈسٹر ی کے 100واں سال مکمل ہونے پر تقریبات کا بھی آغاز ہوجائے گا۔

بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ آدیتیہ دت کی اس فلم میں اہم کردار نبھارہی ہوں یہ اس فلم میں منفرد انداز میں نظر آؤں گی ۔یہ ایک تھرلر ایکشن فلم ہے۔ دلچسپ مکالموں نے بھی اس فلم کو چار چاند لگادیے ہیں ۔اس پر بڑی محنت کی گئی ہے اور شائقین کی دلچسپی کے لیے فلم کی کہانی کو نیا موڑ دیا گیا ہے۔ اداکارہ نے بتایا کہ فلم میں پریش راول کا بھی اہم کردار ہے ۔فلمساز وکی رجنی ہیں ۔راجیوو کھنڈیلوال بھی فلم میں منفرد کردارنبھارہے ہیں۔

اداکارہ ٹینا ڈیسائی کا کہنا ہے کہ نئی بالی وڈ فلم ''ٹیبل نمبر 21''کا پوسٹر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے اس کی تشہیری مہم بھی جاری ہے فلم روٹین سے ہٹ کر بنائی گئی ہے اس کے سبھی کرداروں نے بہت عمدگی سے اپنے کرداروں کو فلمایا ہے ۔انھوں نے کہا کہ نئی فلموں میں مختلف کردار نبھاؤں گی ۔اپنی پرفارمنس کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہوں گی ۔25سالہ بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں خود کو اس حوالے سے بھی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ 2013کے آغاز پر ہی میری فلم سینماگھروں کی زینت بنائی جارہی ہے ۔

انھوں نے کہا کہ فلم میں لیڈنگ لیڈی رول نبھارہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ پہلی فلم'' یہ فاصلے ''میں بھی لیڈنگ لیڈی رول نبھایا ،اس کردار کو بہت پسند کیا گیا جس میں میرا کردار ایک ایسی لڑکی کا تھا جو ایک بڑے بلڈرز کی بیٹی ہے اور بیرون ملک سے لوٹتی ہے یہیں سے فلم کی کہانی شروع ہوتی ہے جو میرے کردار کے ہی گرد گھومتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں کرداروں کی ورائٹی پر زیادہ دھیان دوں گی ،پہلی فلم کے بعد کئی کردار ملے اور کچھ قبول بھی کرلیے تاہم ابھی ایسے کردار کی تلاش ہے جو میری ایک الگ شناخت کا باعث بنے ۔

انھوں نے کہا کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فنی سفر جاری رکھوں گی اور انڈسٹری میں درپیش آنیوالے متوقع نشیب و فراز سے بالا تر اپنی پیشہ وارانہ خدمات کو سرانجام دیتی رہوں گی۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں اچھے لوگوں کی کمی نہیں ،بہت سے مہربانوں نے گائیڈ کیا اور ان کی رہنمائی کے سبب ہی میں آج بالی وڈ میں اپنا رول نبھانے کے قابل ہوں ۔یہ فلم ''ٹیبل نمبر 21'' کی پروموشنل تقریبات میں بھی شریک ہوئی ہوں۔ اس فلم کی کامیابی کے لیے پرامید ہوں ۔

ایروز انٹرنیشل کی جانب سے سال نو کے آغاز پر ٹینا ڈیسائی کی فلم کو ریلیز کیا جارہا ہے ۔واضح رہے کہ 24فروری 1987کو بنگلور میں پیدا ہونیوالی ٹینا ڈیسائی کی پہلی فلم 2011میں ریلیز ہوئی ۔اداکارہ کے والد گجراتی اور ماں تلگو ہیں ،ٹینا ڈیسائی نے ابتدائی تعلیم بھارتی اداروں سے حاصل کی اور پھر اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک چلی گئیں ،ٹینا نے فرانس کے نیمس کالج سے بزنس مینجمنٹ میں گریجوایشن کی ۔پہلی بار ایک ٹی وی شو کے مقابلے میں جلوہ گر ہوئیں اور اسی پرفارمنس پر انھیں ایلیٹ ماڈل انڈیا کی جانب سے کنٹریکٹ مل گیا ۔

اس کے بعد اداکارہ نے 2007تک ماڈلنگ کے شعبے میں جلوے دکھائے اور کم وبیش 100کمرشلز میں پرفارمنس دیکر اپنا ریکارڈ بنالیا۔پہلی بالی وڈ فلم کرنے کے ساتھ ہی انتہائی قلیل عرصے میں ہالی وڈ فلم سائن کرکے سب کو حیران کردیا ۔اداکارہ نے اس فلم میں اہم کردار نبھایا ۔اب تک اداکارہ کی 4فلمیں سینماگھروں کی زینت بنائی جاچکی ہیں جن میں پہلی فلم ''یہ فاصلے ''2011میں آئی ،جب کہ اسی سال دوسری ہندی فلم ''صیح دھندے غلط بندے ''سینماگھروں کی زینت بنی ۔پھر 2012میں فلم ''میری گولڈ''میں پرفارم کیا ،2012میں ہی ریلیز ہونے والی فلم ''کاک ٹیل ''میں جلوہ گر ہوئیں ۔اور اب 4جنوری 2013کو اداکارہ نئی فلم میں مرکزی کردار میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں۔

مقبول خبریں