سی ایس ایس امتحان میں صرف 2 فیصد امیدوارکامیاب ہونے کا انکشاف قائمہ کمیٹی نے رپورٹ طلب کرلی

12 میں سے صرف ایک سبجیکٹ انگلش میں فیل ہونے پر ناکام قرار دیا گیا، طالبعلم، قوم کو انگلش فوبیا ہوگیا


Numainda Express December 06, 2016
سینیٹ ذیلی کمیٹی پٹرولیم نے پٹرول میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی، یوسف بادینی کا تلور کے شکار پر پابندی کے باوجود اجازت دینے پر تحفظات و اظہار برہمی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ کے اجلاس میں سیکریٹری ایف پی ایس سی امیر طارق عظیم نے انکشاف کیا کہ رواں سال سی ایس ایس رزلٹ میں صرف 2 فیصد طلبا پاس ہوئے جس پر چیئرمین کمیٹی اور ارکان نے سی ایس ایس امتحان میں بدترین رزلٹ کا نوٹس لیتے ہوئے پبلک سروس کمیشن سے کامیابی کی اتنی کم شرح پر 30 دن میں رپورٹ طلب کر لی۔

اجلاس چیئرمین محمود حیات کی زیر صدارت ہوا، سیکریٹری ایف پی ایس سی امیر طارق عظیم نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سال ایف پی ایس سی کے رزلٹ میںصرف 2 فیصد طلبا پاس ہوئے جس پرکمیٹی اراکین نے سوال کیا کہ کیا اس سال سلیبس تبدیل ہونے سے نتائج پر اثر پڑا ؟ اس پر سیکریٹری ایف پی ایس سی نے بتایا کہ حالات کے ساتھ سلیبس کو بہتر اور نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلیے تبدیل کیا گیا، انھوں نے مزید بتایا کہ پنجاب سے 146، بلوچستان سے 4، گلگت بلتستان اور فاٹا سے ایک، پختونخوا 18، سندھ اربن سے 13 اور سندھ رورل سے 16 طالب علم پاس ہوئے، ناکام رہنے والے ایک طالب علم زاہد احمد نے کمیٹی میں پیش ہوکر درخواست دی کہ 12 سبجیکٹس میں سے صرف ایک انگلش کے سبجیکٹ میں فیل ہونے پر ناکام قرار دیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں بلکہ 4 سال پہلے بھی 2 فیصد پاسنگ رزلٹ تھا، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہماری قوم کو انگلش فوبیا ہوگیا، ترکی اور چین کے سربراہان پاکستان آتے ہیں تو اپنی زبان میں تقاریر کرتے ہیں لیکن ہم اپنی قومی زبان کو ترجیح نہیں دیتے، دونوں شخصیات نے اپنی زبان میں تقاریر کیں، ہمیں بھی اپنی قومی زبان کو اہمیت دینی چاہیے، سینیٹ ذیلی کمیٹی پٹرولیم نے پٹرول میں ملاوٹ کرنے والوںکے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی، اجلاس تاج آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں آئل سیکٹرمیں کرپشن کے معاملات پرغورکیا گیا، اجلاس کے دوران پی ایس او حکام نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں فروخت ہونے والا پٹرول خالص نہیں، پٹرول میں مٹی کا تیل ملایا جاتا ہے، اگر پٹرول مہنگا کر دیا جائے تو پھر ملاوٹ نہیں ہوگی، جس پر یوسف بادینی نے کہا کہ اگر قیمتیں ہی بڑھانی ہیں تو آپ لوگ کیا کر رہے ہیں۔

ادھر سینٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی تبدیلی کے چیئرمین میریوسف بادینی نے تلور کے شکار پر پابندی کے باوجود بلوچستان میں عرب شہزادوںکو تلور اور دیگر پرندوں کے شکار کی کھلی اجازت دینے کے خلاف سخت تحفظات اوربرہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مقامی افرادکو تلور سمیت کسی مائیگرٹری پرندے کے شکارکی اجازت نہیں، کمیٹی نے پنجاب میں حالیہ اسموگ کے حوالے سے پنجاب حکام سے کیے گئے اقدامات اور اسموگ کی وجوہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی تاہم حکام نے بتایا کہ اسموگ کی بڑی وجہ فیکٹریوں کا دھواں ہے، لاہور، گردونواح میں اسموگ جیسی صورتحال پیدا ہوئی۔

مقبول خبریں