بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے پر دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی

بلاول کو الیکشن میں تیر کا نشان یا پیپلزپارٹی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔


ویب ڈیسک December 28, 2016
بلاول کو الیکشن میں تیر کا نشان یا پیپلزپارٹی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن لڑنے سے متعلق دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جس کے تحت انہیں تیر کا انتخابی نشان حاصل کرنے کے لیے پارٹی چھوڑنا ہوگی یا پھر وہ کسی اور نشان سے الیکشن لڑیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے الیکشن لڑنے میں انتخابی نشان اور پارٹی پوزیشن حائل ہوگئی ہے جس کے تحت بلاول بھٹو زرداری کو تیر کا انتخابی نشان، پاکستان پیپلزپارٹی یا پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا الیکشن لڑنے کا اعلان

نمائندہ ایکسپریس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے ریکارڈ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلزپارٹی کے پیٹرن انچیف ہیں اور اس جماعت کے پاس تاحال کوئی انتخابی نشان نہیں اس لیے اگر وہ اس جماعت سے الیکشن لڑتے ہیں تو انہیں تیر کے علاوہ کوئی انتخابی نشان دیا جائے گا جب کہ آصف علی زرداری پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں جو پارلیمنٹ میں موجود ہے اور اس جماعت کے پاس تیر کا انتخابی نشان موجود ہے اس لیے بلاول بھٹو زرداری کو اگر تیر کے انتخابی نشان سے الیکشن لڑنا ہے تو انہیں پاکستان پیپلزپارٹی چھوڑ کر پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کا ٹکٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرانا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جلسے میں آصف زرداری نے اپنے اور بلاول بھٹو کے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق آصف زرداری نواب شاہ سے جب کہ بلاول لاڑکانہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

مقبول خبریں