عمران خان جھوٹ، الزامات اور احتجاجی سیاست کے بادشاہ ہیں، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  جمعرات 12 جنوری 2017

عمران خان نے وزیراعظم پرالزامات سیاسی بغض اورمخالفت کی وجہ سے لگائے ہیں، طلال چوہدری : فوٹو : ایکسپریس

عمران خان نے وزیراعظم پرالزامات سیاسی بغض اورمخالفت کی وجہ سے لگائے ہیں، طلال چوہدری : فوٹو : ایکسپریس

 اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان جھوٹ، الزامات اوراحتجاجی سیاست کےبادشاہ ہیں ان کا کام پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمارا پہلے دن سے مؤقف تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کا پاناما کیس سے کوئی تعلق نہیں پاناما پیپرزمیں جن جائیدادوں کاتذکرہ آیا ہے اس سےعوام کا پیسہ نہیں لوٹا گیا اور نا ہی  پاناما میں جائیداد کا تعلق، نا منی لانڈنگ اورنا ٹیکس چھپانے کا ذکر ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  دونوں فریق نہیں چاہتے کہ سچ سامنے آئے

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف تیسری بار ملک کے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں انہوں نے ملک کو ایٹمی ریاست بنایا، ملک کو پہلا صحت کا پروگرام دیا، عمران خان کا کام پاکستان کی ترقی کا راستہ روکنا ہے وہ جھوٹ، الزامات اوراحتجاجی سیاست کے بادشاہ ہیں، الزامات کےثبوت پیش نہ کیے جائیں تو وہ جھوٹے ہی ہوتے ہیں انہیں پیغام دینا چاہتی ہوں کہ پاکستان اب صرف آگے جائے گا کیونکہ اس کے وزیراعظم نوازشریف ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آج پہلی بار اچھا وکیل اوراچھی وکالت نظر آئی، آج ہمارے وکیل نے وزیراعظم پر لگنے والے تمام الزامات کا جواب دیا، اچھا کیس اسی وقت بنتا ہے جب کیس سچا ہو سچ خود ابھر کر سامنے آتا ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پہلے عمران خان  کا مرکزی وکیل بھاگا اور آج خود کو اسٹپنی کہنے والے نعیم بخاری بھی  بیماری کا بہانہ بنا کر نہیں آئے زیادہ جھوٹ بولا جائے تو طبیعت خراب ہی ہوتی ہے، آج عمرا ن خان کی اسٹپنی بھی پنکچر ہوگئی، اسٹپنی پنکچر ہوجائے تو گاڑی زیادہ نہیں چلتی، جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اورسچ کو ثابت کرنے کے لیے زور نہیں لگانا پڑتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: تحریک انصاف کی قلابازیاں صرف کینٹینرز پر چل سکتی ہیں

طلال چودھری کا کہنا تھا کہ  سچا آدمی الزامات سے بےفکر ہوتا ہے وہ اپنے کام میں مصروف ہوتاہے، عمران خان اس وزیراعظم پرالزام لگارہے ہیں جو مختلف منصوبوں پر کام کررہا ہے، وزیراعظم نواز شریف کا پاناما پیپر سے کوئی تعلق نہیں  اور ان پر پاناما پیپر یا منی لانڈنگ سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہو سکا ، عمران خان نے وزیراعظم پر الزامات سیاسی بغض اورمخالفت کی وجہ سے لگائے ہیں عمران خان اپنی بیٹی کو تسلیم نہیں کرتے اور دوسروں کی بیٹیوں پرالزام لگاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔