گلوکارہ بالی وڈ کاآئٹم سانگ کرنے کیلئے تیارپرستار جہاں بلائیں گے پرفارم کرنے جاؤنگی برٹنی اسپیئرز

بالی وڈ میں پرفارمنس کے لیے مدعو کیا جارہا ہے اس لیے2013ء میں اپنے کام کو پھیلانے کا عزم کرلیاہے.


Showbiz Desk January 01, 2013
اپنی آواز کو نئے انداز سے شائقین تک پہنچاؤں گی، برٹنی اپئیرز۔ فوٹو : فائل

CAIRO: ہالی وڈ کی مشہور گلوکارہ برٹنی اسپیئرز بھارتی فلم میں آئٹم سانگ کریں گی۔امریکی گلوکارہ و اداکارہ برٹنی جین اسپیئرز نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ بالی وڈ فلم میں پرفارم کرکے اپنے بھارتی مداحوں کو حیران کردوں گی۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی رقص میں بھی عبور حاصل کررکھا ہے۔ برٹنی کا کہنا ہے کہ میں نے تین سال کی عمر میں رقص کی باقاعدہ تربیت حاصل کرنا شروع کردی۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ برس اپنی البم سے 58ملین ڈالر کماکر نیا ریکارڈ قائم کرچکی ہوں ۔نئے سال کے تمام زیر التواء پراجیکٹ مکمل کروں گی۔ انھوں نے کہا کہ نیوایئر پر میری پرفارمنس کو پسند کیا گیا۔اپنی آواز کو نئے انداز سے شائقین تک پہنچاؤں گی۔گلوکاری اور اداکاری کے جوہر یکجا کرکے پرستاروں کو لطف اندوز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ ہالی وڈ میں میری پرفارمنس کے چرچے ہوئے تو اس پر بڑی خوشی ہوتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں پرفارمنس کے لیے مدعو کیا جارہا ہے اس لیے2013ء میں اپنے کام کو پھیلانے کا عزم کرلیاہے ۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آواز کو پہنچارہی ہوں ۔میوزک لورز کو خوشخبری دے رہی ہوں ،جلد ان کے درمیان ہونگی ۔جہاں جہاں چاہنے والے ہیں اور بلائیں گے وہاں وہاں جائوں گی۔ ہالی وڈ گلوکارہ و اداکارہ کو بھارتی پروڈیوسر کی جانب سے نئی فلم میں پرفارم کرنے کے لیے پیشکش کی گئی ہے۔

ذرایع کے مطابق یہ بھی بتایاگیا ہے کہ بھارتی فلم پروڈیوسر سدانندن نے اپنی نئی فلم کے لیے برٹنی سپئیرز کو کاسٹ کرلیا ہے جس میں نہ صرف وہ اپنی آوازکا جادو جگائیں گی بلکہ ڈانس کرتی ہوئی بھی نظرآئیں گی۔برٹنی کا گانا فلم سے ہٹ کر ہوگا جو بھرپور انداز میں فلمایا جائے گا، گانا بالی وڈ طرز کا ہوگا جس میں انگریزی کی چند سطریں شامل کی جائیں گی۔ سدانندن نے کام کے لیے گلوکارہ کو معاوضے کی ادائیگی بھی کردی ہے جب کہ فلم کا نام اور اداکاروں سمیت دیگر تفصیلات جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔واضح رہے کہ 2دسمبر 1981ء کو امریکی ریاست میسی سپی میں پیدا ہونے والی 31سالہ پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے بچپن میں ہی چائلڈ اسٹار کے طور پر اداکاری کا آغاز تھیٹر اور ٹی وی سے کیا۔

1

1997ء میں پاپ گلوکارہ برٹنی جین اسپیئرز نے پروڈیوسرسے معاہدہ کرکے البم پر کام شروع کیا اور ان کی شہرہ آفاق البم ''بے بی ون مور ٹائم ''1999ء میں منظر عام پر آگئی۔نوعمری میں برٹنی کی یہ البم سب سے زیادہ فروخت ہونے والی میوزک البم قرار دی گئی ۔برٹنی کی میوزک انڈسٹری میں ان کی یہ تہلکہ خیز انٹری ثابت ہوئی ۔برٹنی امریکی میوزک انڈسٹری کی ایک بڑی قدآور گلوکارہ بن کر ابھری اور کئی دہائیوں پر چھاگئی ۔برٹنی کی دو پہلی میوزک البمز نے ریکارڈ فروخت کے ساتھ ان کی پاپ آئیکون کے طور پر شناخت بنانے میں بھی اہم کردار نبھایا۔ ان میں دوسری البم ''آئی ڈاٹ اگین''نے بھی شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا۔برٹنی کی تیسری البم 2001ئمیں ریلیز کی گئی ۔اسی سال فلم ''کراس روڈ''میں اہم کردار بھی نبھایا۔

2003ء کے دوران برٹنی کی چوتھی البم ''ان دی زون''نے بزنس کے نئے ریکارڈ بنائے ۔اس کے ساتھ ہی ''می انگیسٹ دی میوزک ''اور ''ایوری ٹائم ''کی بھی دھوم رہی۔2007ء میں برٹنی کی 5ویں البم ''بلیک آئوٹ''منظر عام پر آگئی ۔2008ء میں دو البمز ریلیز کی گئیں ۔برٹنی کی سنگل 3البم بھی اسی سال آئی یوں اس وقت تک کل تین سنگلز ریلیز ہوئیں۔ 2011ء میں گلوکارہ کی ساتویں البم کا چرچہ ہوا اور اس کے کئی گیت مقبول ہوئے ۔میوزک چارٹ پر گیت پہلی پوزیشن پر آیا ۔ ''آئی وانا گو ''،''ہولڈ اٹ انگسیٹ می 'اور ''ٹل دی ورلڈ انڈز''اسی سال منظر عام آئیں ۔گلوکارہ کی یو ں توبے شمار البمز ریلیز ہوئیں اور 100ملین سے زیادہ البمز فروخت ہونے پر ایک نیا ریکارڈ بن گیا ۔برٹنی کو عمدہ پرفارمنس پر بے شمار ایوارڈز سے نوازا گیا ۔

برٹنی سپیرز کی بے شمار فلاحی خدمات نے بھی انھیں ممتاز کیا ہے ۔برٹنی کی جانب سے بچوں کی فلاح کے لیے مسلسل کام ہورہا ہے اس کے لیے ''برٹنی سپیرز فائونڈیشن'' کا قیام اہم ہے۔ گلوکارہ کی جانب سے بچوں کو آگے لانے اور تباہ حال ،آفات کا شکار علاقوں کے بچوں کی بحالی کے حوالے سے گراں قدر خدمات انجام دی گئیں ،ایمرجنسی میڈیکل کیمپ سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی بھی اسی پلیٹ فارم سے کی گئیں۔ اسی سال گلوکارہ نے بونو سمیت مشہور گلوکاروں کے ساتھ مل کر ایڈز کے خلاف عالمگیر مہم میں حصہ لیا اور اس موذی مرض کے خلاف لوگوں کو شعور دینے کے ساتھ متاثرین کی مدد کے لیے بھی لاکھوں ڈالر میں فنڈ جمع کرکے عطیہ کر دیا۔ امریکی بیمار اور غریب فنکاروں کی مدد کے لیے بھی چیریٹی شوز کرکے انکو خطیر رقم فراہم کرنے کا بندوبست کیا گیا ۔

برٹنی سپیرزنے 2001ء میں نائن الیون کے واقعہ پر متاثرہ بچوں کی بحالی کے لیے بھی نمایاں کام کیا ۔اس کام پر ملین ڈالرز جمع کرکے خرچ کیے گئے ۔گلوکارہ کی جانب سے سالانہ کیمپ کا قیام بھی عمل میں لایا جاتا رہاہے ۔اس موقع پر بچوں کے فلاحی منصوبوں کے لیے عطیات جمع کرنے کے لیے فنڈ اکٹھے کیے جاتے ہیں۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز اب ممبئی فلم نگری میں اپنے فن کا جادو جگانے آرہی ہیں۔

امریکی پاپ اسٹار برٹنی اسپیئرز کو تامل پروڈیوسر نے اپنی ہندی فلم کو ہٹ کرنے کے لیے اپنی فلم میں کاسٹ کیا ہے جہاں وہ ہندی میں گانا گائیں گی۔ 18 برس کی عمرمیں اپنے پہلے ہی گانے سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی امریکی گلوکارہ کو تامل فلموں کے پروڈیوسر سد آنند نے اپنی ہندی فلم کی کامیابی کے لیے کاسٹ کیا ہے ۔نقادوں کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں ہالی وڈ اسٹارز کی آمد کا سلسلہ تیز ہوتا جارہا ہے اور اس سے انڈسٹری میں بین الاقوامی سطح کی فلمیں بننے کا رحجان فروغ پائے گا ۔

مقبول خبریں