’’خبردار‘‘ نے بیرون ملک منفرد شناخت دی، ناصرچنیوٹی

شوبز رپورٹر  بدھ 1 فروری 2017
’’ایکسپریس گروپ‘‘ کا حصہ بن کرملنے والے رسپانس سے خود کوشاہ رخ سے کم نہیں سمجھتا ۔  فوٹو : فائل

’’ایکسپریس گروپ‘‘ کا حصہ بن کرملنے والے رسپانس سے خود کوشاہ رخ سے کم نہیں سمجھتا ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  اسٹیج ڈراموں سے دوری اختیارکرکے ٹی وی سے وابستہ ہونے والے کامیڈینزکی بیرون ممالک پسندیدگی میں اضافہ ہونے لگا۔ امریکہ، کینیڈا،آسٹریلیا، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ میں بسنے والی پاکستانیوں کے علاوہ انڈین کمیونٹی بھی ہمارے فنکاروں سے ملاقات کرنے اوران کی لائیوپرفارمنسز دیکھنے کے لیے بے تاب ہونے لگی۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیج ڈراموں کے فنکاروں کی ٹی وی چینلزکے طنزومزاح پرمبنی پروگراموں میں شمولیت اوربہترین کارکردگی پراسٹار بنا دیا ہے۔ جس کی بہترین مثال ’’ایکسپریس میڈیا گروپ‘‘ کے مقبول پروگرام ’’ خبردار، نقالوں سے ہوشیار ‘‘ میں شامل اسٹیج فنکاروں کی مقبولیت سے دی جاسکتی ہے۔ پروگرام کے میزبان آفتاب اقبال کی قیادت میں ایک ٹیم کینیڈا اورمڈل ایسٹ کے دورے پرگئی ، جہاں مختلف پروگرام ریکارڈ کرنے کے ساتھ ساتھ شائقین کوانٹرٹین کرنے کے لیے شو بھی کیے گئے۔ اس دوران جہاں حاضرین کی تعداد میں حیرت انگیز اضافہ دیکھنے میں آیا، وہیں اسٹیج فنکاروں کے چاہنے والے ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گھنٹوں انتظارکرتے رہے۔

فنکاروں کی پرفارمنس کے بعد پبلک میں آمد پرجہاں ان کے ساتھ سیلفیاں لی گئیں، وہیں آٹوگراف لینے کے علاوہ لذیزپکوانوں سے تواضع اورسیروتفریح کی دعوتیں بھی ملنے لگیں۔ یہی نہیں پاکستانی فنکاروں کے اعزاز میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، بلکہ ان سے خصوصی ملاقات کے لیے ٹیبلزبھی بک ہوتی رہیں۔

اس سلسلہ میں معروف کامیڈین ناصرچنیوٹی نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایاکہ میں عرصہ دراز سے بیرون ممالک اسٹیج ڈرامے پیش کرنے کے لیے جارہاہوں لیکن ’’ایکسپریس گروپ‘‘ کا حصہ بن کرجورسپانس مجھے اس بار ملا ہے، اس کے بعد میں خود کوبالی وڈ کنگ شاہ رخ خان سے کم نہیں سمجھ رہا۔ لوگوں نے جس طرح سے ہمارے ساتھ پیار کیا اوررسپانس دیا، اس کو لفظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔ میں اس کا تمام ترکریڈٹ ’ایکسپریس نیوز‘ اورپروگرام کے میزبان آفتاب اقبال کودینا چاہتاہوں، جن کی سربراہی میں ہمارا شو پاکستان کا نمبرون شوبن چکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔