آسٹریلیا کی شدید گرمی میں دھوپ سے انڈے تلے جانے لگے

آسٹریلیا میں شدید گرمی کے دوران دھوپ میں انڈے تلنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں


ویب ڈیسک February 14, 2017
آسٹریلیا میں شدید گرمی کے دوران دھوپ میں انڈے تلنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں، فوٹو؛ ٹوئٹر

آسٹریلیا کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدید ترین لہر جاری ہے جس کے باعث نیو ساؤتھ ویلز کے جنگلات میں بھی آگ لگ چکی ہے لیکن کچھ من چلے تیز دھوپ میں انڈے تل کر بھی دکھا رہے ہیں۔

آسٹریلیا میں شدید گرمی کی تازہ لہر 2 ہفتے پہلے شروع ہوئی جس دوران کوینزلینڈ، سڈنی اور نیو ساؤتھ ویلز میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوگیا۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ 158 سال بعد سڈنی میں اتنی زیادہ گرمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

گرمی کی وجہ سے نیو ساؤتھ ویلز کے جنگلات میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جب کہ سڈنی میں آتشبازی کے سامان سے بھری ہوئی ایک گاڑی میں بھی دھوپ کی وجہ سے زبردست دھماکا ہوا اور آگ لگ گئی۔



ان واقعات کے باوجود من چلے باز نہیں آئے اور سڈنی کے نواحی علاقے میں ایک شہری نے اپنی کار میں دھوپ سے انڈا تلنے کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈال دی۔



کوینزلینڈ میں برڈز ویلی نامی چھوٹے سے قصبے کے ایک پولیس افسر نے بھی ایسی ہی ایک اور ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرائی ہے جس میں اس نے دھوپ میں کھڑی ہوئی اپنی گاڑی کے بونٹ پر فرائنگ پین رکھا اور اس میں انڈا تل کر دکھایا جو صرف 30 سیکنڈ میں پوری طرح سے فرائی ہوگیا۔



آسٹریلیا میں برڈز ویلی کا درجہ حرارت 18 روز سے مسلسل 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا جب کہ پچھلے ہفتے وہاں پارہ 47 ڈگری سینٹی گریڈ پر پہنچ چکا تھا۔

آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ وہاں گرمی کی شدت اس ہفتے کے اختتام تک کم ہوجائے گی اور لوگوں کو سکھ کا سانس لینے کا موقع ملے گا۔

مقبول خبریں