ڈونلڈ ٹرمپ نے داماد کے بعد بیٹی کو بھی سینئر مشیر مقررکردیا

ڈونلڈ ٹرمپ کے مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد 35 سالہ ایونکا غیراعلانیہ طور پر امور حکومت کا حصہ بن گئی تھیں


ویب ڈیسک March 30, 2017
ڈونلڈ ٹرمپ کے مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد 35 سالہ ایونکا غیراعلانیہ طور پر امور حکومت کا حصہ بن گئی تھیں فوٹو:فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قریبی عزیزوں اور رشتہ داروں میں عہدوں کی بندر بانٹ شروع کردی جس پر مخالف جماعت ڈیموکریٹک پارٹی نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد کابینہ کے لئے اپنے قریبی دوستوں اور تاجروں کا انتخاب کیا اور اپنے داماد جیرڈ کشنر کو سینئر مشیر تعینات کیا اور اب صاحبزادی ایونکا ٹرمپ کو بھی باقاعدہ طور پر سینئر مشیر مقرر کردیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایونکا ٹرمپ کو صدر کا سینئر مشیر تعینات کردیا گیا ہے تاہم وہ سرکاری خدمات کی کوئی تنخواہ نہیں لیں گی جب کہ ان کے شوہر جیرڈ کشنر بھی صدر کے سینئر مشیر ہیں جو بغیر کسی معاوضے کے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے مسند اقتدار سنبھالنے کے بعد 35 سالہ ایونکا غیراعلانیہ طور پر امور حکومت کا حصہ بن گئی تھیں اور اسی حیثیت سے انہوں نے اپنے والد کے ہمراہ جاپانی وزیراعظم شینزے ایبے، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقاتیں کیں اور انہیں وائٹ ہاؤس میں پہلے ہی ایک آفس دے دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پیشے کے اعتبار سے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد رئیل اسٹیٹ کے تاجر ہیں اور ان کی صاحبزادی ایونکا والد کے کاروبار کے فیشن کے حصے سے وابستہ ہیں تاہم دونوں کو سیاسی امور کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

مقبول خبریں