چین پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلیے انتہائی مخلص ہے، شہبازشریف

ویب ڈیسک  بدھ 12 اپريل 2017
دنیا کا مقابلہ کرنے کےلیے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا، شہبازشریف: فوٹو: فائل

دنیا کا مقابلہ کرنے کےلیے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا، شہبازشریف: فوٹو: فائل

ملتان: وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلیے انتہائی مخلص ہے اورسی پیک کے منصوبے ہماری تعلیمی پالیسی پر نظر ثانی مانگتے ہیں۔

ایئریونیورسٹی ملتان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ آج جدت اورتحقیق کا دور ہے، ترقی اورخوشحالی کے لیے تعلیم انتہائی ضروری ہے، بہت سے شعبوں میں پاکستانیوں نے عالمی سطح پرنام کمایا ہے، نوجوانوں کومواقع نہ ملے تو پاکستان کیلیے سوالیہ نشان بنا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلیے انتہائی مخلص ہے اورسی پیک کے منصوبے ہماری تعلیمی پالیسی پر نظر ثانی مانگتے ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت ہے، ہم بہت سے ملکوں سے پیچھے ہیں، عالمی چیلنجز سےنمٹنے کیلیے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا جب کہ اعلیٰ اداروں کے بغیر تعلیم کا حصول ممکن نہیں، دنیا کا مقابلہ کرنے کےلیے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 20 ارب روپے سے پنجاب ایجوکیشن انڈونمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے، دانش اسکول برطانیہ کے اسکولوں کے ہم پلہ ہیں اور یہ اسکول خصوصی طور پر جنوبی پنجاب میں بنائے گئے،11 ارب روپے کے وظیفے تقسیم کیے جا چکے ہیں اورپنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے لاکھوں طلبا کی تعلیمی ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔