سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع
کابینہ نے سندھ پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
KARACHI:
سندھ حکومت نے رینجرز کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت90 روز کے لیے اختیارات دینے کی منظوری دے دی ہے' گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کابینہ کا اہم اجلاس ہوا اور اس اجلاس میں رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے سندھ پولیس کی صلاحیتوں کو بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
سندھ کابینہ نے رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے بروقت فیصلہ کیا ہے' اس سے گومگو کی کیفیت کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات کو خوامخواہ ایشو بنایا گیا ہے' اس دفعہ اختیارات سے قبل کابینہ کا اجلاس ضروری تھا' پنجاب حکومت نے رینجرز کو جو اختیارات دیے ہیں' وہ صرف سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر کارروائی کرنے کے ہیں بلکہ سندھ حکومت نے اس کے مقابلے میں رینجرز کو تمام پرانے اختیارات دیے ہیں۔
رینجرز کے اختیارات کے نوٹیفکیشن میں تاخیر نہیں ہو گی۔ کراچی اور سندھ میں جب سے رینجرز تعینات ہوئے ہیں' یہاں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے، کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئی ہے' یہ حقیقت ہے کہ کراچی اور سندھ میں رینجرز ہمیشہ تعینات نہیں رہیں گے' رینجرز کو واپس بھیجنے کے لیے سندھ پولیس کی کارروائی بہتر ہونا لازم ہے۔
پنجاب میں سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے خلاف بڑے اہم آپریشن کیے ہیں' سندھ پولیس کی صلاحیت اور کارکردگی جتنی زیادہ بڑھے گی' کراچی اور سندھ میں رینجرز کی ضرورت اتنا ہی کم ہوتی چلی جائے گی۔ بہرحال موجودہ وقت کا تقاضا یہ ہے کہ رینجرز کی تعیناتی سے کراچی میں امن و امان کے حوالے سے جو فوائد ملے ہیں' انھیں ضایع نہ کیا جائے' اس تناظر میں سندھ حکومت کا فیصلہ بروقت ہے۔