پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پراتفاق

ہانگ کانگ کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک May 17, 2017
پاکستان اور ہانگ کانگ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں، چیف ایگریکٹو لی چن یانگ

وزیراعظم نواز شریف اور ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لی چن یانگ نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف سے ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو لی چن یانگ نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان پرانے تجارتی تعلقات قائم ہیں اور ہانگ کانگ کی مختلف کمپنیوں کے مستقل دفاتر بھی پاکستان میں قائم ہیں ۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان اور چین اپنے عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں ، وزیر اعظم

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست ملک ہے اور ہانگ کانگ کے سرمایہ کار پاکستان میں کاروبار سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، ہانگ کانگ کے تاجر سی پیک میں بھی حصہ لیں جب کہ ون بیلٹ ون روڈ چینی قیادت کا بڑا وژن ہے۔

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے سی پیک میں سرمایہ کاری کی پیش کش پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور ہانگ کانگ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں۔ لی چن یانگ نے بھی پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

مقبول خبریں