شدید گرمی اور لوڈ شیڈنگ ڈی ایس پی سمیت 3 افراد جاں بحق

شارٹ فال 7510 میگاواٹ تک پہنچ گیا،دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے ہو گیا


Numaindgan Express June 17, 2017
شارٹ فال 7510 میگاواٹ تک پہنچ گیا،دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے ہو گیا۔ فوٹو: فائل

KARACHI: گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی طلب اور لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ملک بھر میں طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے، مرمت کے نام اور ٹیکنیکل لوڈ مینجمنٹ کے تحت بھی بجلی کی بندش کاسلسلہ شروع کر دیاگیا، لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی ان کیلیے دن کاچین اور رات کاسکون خواب بن کر رہ گیا، دیہی علاقوں کے ساتھ بڑے شہروں کے کئی علاقوں میں بھی سحر وافطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری رہا، دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ کر18گھنٹے تک پہنچ گیا۔

دوسری جانب این ٹی ڈی سی کے مطابق بجلی کی طلب 22490میگاواٹ جبکہ پیداوار 14980میگاواٹ رہی، طلب و رسد میں7510 میگاواٹ کافرق ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا حکومتی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں پڑنے والی شدید گرمی کے باعث بجلی کاشارٹ فال ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 8 ہزار پانچ سو میگاواٹ تک پہنچنے کاانکشاف ہواہے جبکہ بجلی کی طلب ریکارڈ 26 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی جو کبھی بھی 23 ہزار میگاواٹ سے زیادہ نہیں رہی۔

علاوہ ازیں جلالپور جٹاں کا غلام سرور تمباکو کے کھیتوں میں کام کر رہا تھا کہ اچانک آسمانی بجلی گرنے سے جھلس گیااور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ دادو میں شدید گرمی کے دوران لو لگنے سے ڈی ایس پی سی آئی اے سہراب خان جمالی جاںبحق ہو گئے جبکہ گاؤںشیر محمد سولنگی میں12سالہ فرزانہ زندگی ہار گئی۔ گرمی کے باعث ایک ہی روز میں50 سے زائد شہری ڈائریااور گیسٹرو میں مبتلا ہوگئے جنھیں مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایاگیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز گوجرنوالہ، گجرات ، سیالکوٹ ، جہلم ، مری ، راولپنڈی ، بہاولنگر ، بہاولپور، منگلا، کوٹلی، راولا کوٹ اور بالاکوٹ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کیساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کی شدت کم ہو گئی۔

ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا تاہم راولپنڈی، گوجرانوالہ ، لاہور، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، ڈی آئی خان ڈویژن ،اسلام آباد، فاٹا، کشمیر میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سبی، نوکنڈی، دالبندین کادرجہ حرارت 48 لاڑکانہ، دادو، موہنجو داڑو 47سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مقبول خبریں