سال نو پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں فول پروف سکیورٹی اور ٹریفک پلان نافذ

اسلام آباد میں شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک ہیوی ٹریفک بند رہے گا


ویب ڈیسک December 31, 2025

راولپنڈی:

سال نو کی آمد پر راولپنڈی اور اسلام آباد میں جامع سکیورٹی اور ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق سال نو کے موقع پر 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے جبکہ 850 سے زائد افسران ٹریفک کے فرائض انجام دیں گے۔ ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے شہر بھر میں 70 سے زائد خصوصی پکٹس قائم کر دی گئی ہیں جبکہ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی روک تھام کے لیے تمام تھانوں میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ اور تھانوں کی موبائلز مسلسل گشت کریں گی۔ سال نو کے موقع پر مسیحی برادری کی عبادات کے لیے بھی مؤثر اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے نیو ائیر نائٹ کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ٹریفک پولیس کے 350 سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ 31 دسمبر شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک وفاقی دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد رہے گی۔

نیو ائیر نائٹ کی تقریبات کے باعث ایکسپریس ہائی وے، جناح ایونیو، سری نگر ہائی وے، کلب روڈ، مری روڈ اور پارک روڈ سمیت جناح ایونیو فلائی اوور، زیرو پوائنٹ، کھنہ اور پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس پر شدید ٹریفک دباؤ متوقع ہے۔

ہلڑ بازی، ون ویلنگ اور ریش ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے 8 خصوصی اسکواڈز تشکیل دے دیے گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو ون ویلنگ اور انڈر ایج ڈرائیونگ سے روکیں۔ کار اسکیٹنگ اور تیز رفتاری پر سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ تفریحی مقامات پر خصوصی ٹریفک نفری تعینات ہوگی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شام 7 بجے سے رات 3 بجے تک شہری متبادل راستوں کا استعمال کریں، سڑکوں پر گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

مقبول خبریں