جھولان نے کائنات امتیاز کی زندگی کا ٹریک بدل دیا

بھارتی کرکٹر کو دیکھ کر پیسر بننے کا فیصلہ کیا، ملاقات اہم ترین لمحہ ہے،پاکستانی بولر


Sports Desk July 05, 2017
بھارتی کرکٹر کو دیکھ کر پیسر بننے کا فیصلہ کیا، ملاقات اہم ترین لمحہ ہے،پاکستانی بولر۔ فوٹو: نیٹ

ISLAMABAD: بھارت کی جھولان گوسوامی نے کائنات امتیاز کی زندگی کا ٹریک بدل دیا۔

پاکستان ٹیم کو ویمنز ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں 95 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس مقابلے میں کائنات امتیاز شامل نہیں تھیں،اس کے باوجود وہ خود کو کافی خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کی بھارتی کیمپ میں موجود اپنی آئیڈیل سے ملاقات ہوگئی ہے، اس وقت ویمنز ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیںلینے والے جھولان گوسوامی کو کائنات کھیل میں آمد کیلیے تحریک کا باعث قرار دیتی ہیں۔

کائنات امتیاز نے کہاکہ 12 برس قبل جھولان سے ہی متاثر ہوکر میں نے فاسٹ بولر بننے کا فیصلہ کیا تھا۔ کائنات نے بھارتی اسٹار کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور ان سے متاثر ہونے کی جذباتی کہانی بھی بیان کردی۔

بولر نے کہا کہ 2005 میں پہلی بار میں نے بھارتی ٹیم کو دیکھا، وہ پاکستان میں منعقد ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کیلیے آئی تھی، اس ٹورنامنٹ میں میری ذمہ داری گیند اٹھاکر دینا تھی، اس وقت میں نے جھولان گوسوامی کو ایکشن میں دیکھا جو تب دنیا کی تیز ترین خاتون بولر تھیں، میں ان سے اتنی متاثر ہوئی کہ کرکٹ کو ہی بطور کیریئر منتخب کرنے کا فیصلہ کیا، خاص طور میں نے فاسٹ بولنگ کا انتخاب کیا، میری 12 برس بعد اب ان سے ملاقات ہوئی، یہ میری زندگی کا سب سے یادگار لمحہ ہے۔

کائنات امتیاز نے مزید کہا کہ میری لیے سب سے خوشی کی بات یہ ہے کہ میں اس ورلڈ کپ میں شریک ہوں جس میں میری رول ماڈل بھی کھیل رہی ہیں۔

مقبول خبریں