مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 16 جولائی 2017
زیادہ زخمی ہونے والے افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

زیادہ زخمی ہونے والے افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے اسپتال منتقل کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کی بس کھائی میں گرنے سے 16 افراد ہلاک اور 26 شدید زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں امرناتھ مندر سے یاتریوں کی بس سری نگر کی جانب جارہی تھی کہ ضلع رام بن کے علاقے بنی ہال کے فوجی اڈے کے قریب بس کا پچھلا ٹائر پھٹ گیا اور بس بے قابو ہوکر کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں 16 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 26 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں بس کھائی میں گرنے سے 21 ہندو یاتری ہلاک

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 14 مرد اور دو خواتین شامل ہیں جبکہ زیادہ زخمی ہونے والے افراد کو ہیلی کاپٹر کی مدد سے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سپر اسپیشلٹی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ بس میں مجموعی طور پر 46 افراد سوار تھے جن میں سے زیادہ تر افراد کا تعلق راجستھان اور بہار سے تھا۔ حادثے کے بعد فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی دعائیں ہلاک و زخمی ہونے والے افراد کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی امرناتھ یاتریوں کی بس پر مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد نے حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امرناتھ مندر مقبوضہ کشمیر کے علاقے پھلگام میں واقع ایک پہاڑ کی چوٹی پر قائم ہے جسے ہندو مذہب کے ماننے والے مقدس مقام سمجھتے ہیں اور ہر سال ہزاروں یاتری مندر میں حاضری کے لیے آتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔