پشاور میں ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا آغاز ہزاروں طلبہ کی شرکت

40 سے زائد تعلیمی اداروں کے اسٹال،سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان نے افتتاح کیا، طلبہ نے مستقبل کے حوالے سے رہنمائی لی


Numaindgan Express July 19, 2017
سینئر صوبائی وزیر عنایت اﷲ خان ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپو کا افتتاح کررہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

ایکسپریس میڈیا گروپ کے زیراہتمام پشاور میں پہلی دو روزہ ایکسپریس ایجوکیشن اینڈ کیریئر ایکسپوکا افتتاح منگل کوخیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کیا۔

ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ ایکسپریس میڈیا گروپ سیف الاعظم،پروموشن منیجر ناصر محمود شیخ،حسین ریاض سینئر مارکیٹنگ ایگزیکٹو لاہور، عاصم ظہیر سینئر منیجر مارکیٹنگ پشاور،محبوب الٰہی سینئر منیجر مارکیٹنگ لاہور، ندیم مراد خان سینئر منیجر مارکیٹنگ کراچی، سی پی این ای کے نائب صدر طاہر فاروق، سردار نعیم'شمس الضحیٰ، نیوز ایڈیٹر ایکسپریس پشاور ناصر حسین، چیف رپورٹر شاہد حمید، بزنس منیجر منظور حسین، منیجر ذوالفقار علی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

ایکسپو کے پہلے روز ہزاروںکی تعداد میں طلباء وطالبات اور فیمیلز نے شرکت کرکے ایکسپوکو چار چاند لگادیے۔ 40 سے زائد سرکاری ونجی یونیورسٹیوں نے طلبہ کے بہتر مستقبل کے حوالے سے تعلیمی رہنمائی کیلیے اسٹال لگائے تھے جن میں طلباء وطالبات نے گہری دلچسپی ظاہرکی اور اسٹالز پر موجود یونیورسٹی نمائندوں نے انھیں تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

اسٹالزکے علاوہ شرکاکیلیے مختلف رنگا رنگ تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیاجن میں ڈرامے، مزاحیہ خاکے،گلوکاری سے ہال میں موجود ہزاروں افراد محظوظ ہوئے۔پہلے روز 3 خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے موٹرسائیکلیں دی گئیں، ان خوش نصیبوں میں پشاورکے سید مجاہد بنوری اور سکندر جبکہ تیسرے خوش نصیب راولپنڈی سے دانش خان تھے۔ ایجوکیشن ایکسپوکا دوسرا اور آخری دن آج (بدھ کو) ایک مرتبہ پھر بھرپور انداز میں شروع ہو گا۔ ایکسپوکے آخری دن مزید 3خوش نصیبوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے موٹرسائیکلیں دی جائیں گی جبکہ تقریب کے آخری میں فیشن شو بھی ہوگا۔

سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے''ایجوکیشن اینڈکیریئر ایکسپو''کے انعقاد پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایکسپریس میڈیا گروپ نے مستقبل کے معماروں کو پلیٹ فارم مہیا کیا تاکہ وہ ملک کی مایہ ناز یونیورسٹیوں کے تجربے اور علم سے استفادہ کرسکیں اور اپنے مستقبل کی راہ کا تعین کرنے میں سہولت ہو۔ انھوں نے کہا کہ طلباء وطالبات یونیورسٹیوں میں تعلیم تو حاصل کرتے ہیں لیکن انھیں اپنے کیریئرکے حوالے سے درست رہنمائی نہیں مل پاتی جس کی وجہ سے اکثر کا ٹیلنٹ یا تو ضائع ہوجاتاہے یا پھر وہ درست فیلڈکا انتخاب نہیں کرپاتے۔

عنایت اللہ خان نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے ماحول میں بڑی گھٹن پائی جاتی ہے۔ ان حالات میں ایکسپریس میڈیا گروپ کی جانب سے ایسے پروگرام کا انعقاد یقینی طور پر ایسے ماحول میں تازہ ہوا کا جھونکا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کو مستقبل میں ایجوکیشن کے ساتھ جاب ایکسپوکا بھی انعقادکرنا چاہیے کیونکہ صوبے میں بے روزگاری بہت زیادہ ہے۔ انھوں نے اس موقع پر نمایاں کارکردگی پر شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

ایکسپو میں مزاحیہ خاکوں اور ڈراموںکے علاوہ گلوکاری کے مقابلوں میںجہاں مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ نے حصہ لیا وہیں خیبر پختونخواکے معروف اداکاروں اورفنکاروں کوججزکے طور پر مدعو کیا گیا جن کی رائے پر ان طلبہ کو بہترین کارکردگی پر تعریفی اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔

شیلڈز ایکسپریس میڈیا گروپ کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر بزنس ڈیولپمنٹ سیف الاعظم اور پروموشن منیجرناصر شیخ نے دیں،بہترین اداکاری اورگلوکاری پر طلباء وطالبات نے لوگوں سے داد حاصل کی۔ فیشن شو، ڈانس،پراجیکٹ ڈسپلے اورپینٹنگ کے مقابلے آج آخری دن منعقدہوں گے۔

مقبول خبریں