سری لنکن ٹیم ناکامیوں کی دلدل میں مزید دھنس گئی

چوتھے ون ڈے میں بھارت 168 رنز سے فتحیاب، کوہلی اور روہت شرما کی سنچریاں


Sports Desk September 01, 2017
چوتھے ون ڈے میں بھارت 168 رنز سے فتحیاب،کوہلی اور روہت شرما کی سنچریاں۔ فوٹو : فائل

سری لنکن ٹیم ناکامیوں کی دلدل میں مزید دھنس گئی، سیریز میں بھی مہمان سائیڈ کی برتری 4-0 ہوگئی۔

سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر سب سے زیادہ 168 رنز کے مارجن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، 376 رنزکے تعاقب میں پوری ٹیم42.4 اوورز میں207 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صرف سابق کپتان انجیلو میتھوز ہی کچھ مزاحمت کرپائے، انھوں نے 80 بالز پر 10 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے، سری وردانا نے 39 اور ڈی سلوا نے 22 رنز اسکور کیے، باقی کوئی کھلاڑی 20 رنز تک بھی نہیں پہنچ پایا، جسپریت بمرا، پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے 2، 2 پلیئرز کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں بھارت کو دوسرے ہی اوور میں دھون(4) کی جدائی برداشت کرنا پڑی جو فرنانڈو کی گیند پر ڈیپ تھرڈ مین کی جانب پشپاکمارا کا کیچ بن گئے،اگلی وکٹ کیلیے میزبان ٹیم کو 30 ویں اوور تک کا انتظار کرنا پڑا تاہم تب تک مجموعی اسکور 225 تک پہنچ گیا، مالنگا نے کوہلی کو موناریوا کی مدد سے قابو کرکے اس جوڑی کا خاتمہ کیا، بھارتی کپتان نے 96 بالز پر 2چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے، ہردیک پانڈیا (19) کا میتھیوز کی گیند پر ڈی سلوا نے کیچ کیا۔

مسلسل دوسرے میچ میں سنچری مکمل کرنے کے بعد روہت شرما 104 رنز پر میتھیوز کی دوسری وکٹ بن گئے، وہ کاٹ بی ہائنڈ ہوئے، انھوں نے 88 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 کو فضائی اور 11 کو زمینی راستے سے بائونڈری کے پار بھیجا، آخر میں منیش پانڈے 50 اور دھونی 49 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح بھارت نے 5 وکٹ پر 375 رنز بنائے،میتھیوز نے 2 وکٹیں لیں۔

مقبول خبریں