سلیکشن معاملات میں ’ون مین شو‘ پرماہرین حیران

3 برس سے فرسٹ کلاس مقابلوں سے اجنبی حارث سہیل، مصباح کے متبادل قرار


Sports Desk September 24, 2017
چیف سلیکٹرکوڈومیسٹک کرکٹ میں خون پسینہ ایک کرنے والے فواد نظرنہ آئے فوٹو: فائل

3 برس سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اجنبی حارث سہیل کو سلیکٹرز نے مصباح الحق کا متبادل بنا دیا،چیف سلیکٹر انضمام الحق کو ڈومیسٹک کرکٹ میں خون پسینہ ایک کرنے والے فواد عالم نظرنہیں آئے، سلیکشن معاملات میں 'ون مین شو' پر ماہرین بھی حیران رہ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مصباح الحق اور یونس خان کی ایک ساتھ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اس بات کی توقع ہو رہی تھی کہ پاکستانی بیٹنگ کو مڈل آرڈر میں مضبوط کندھے فراہم کرنے کیلیے ڈومیسٹک کرکٹ کے بہترین پرفارمرز کو موقع دیا جائے گا، مگر حیران کن طور پر سابق کپتان انضمام الحق کی قیادت میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے حارث سہیل کو مصباح الحق جیسے منجھے ہوئے بیٹسمین کا متبادل سمجھ کر منتخب کیا ہے، جنھوں نے جنوری 2014 کے بعد سے ایک بھی فرسٹ کلاس میچ نہیں کھیلا۔ اگرچہ اس طرز کے57 میچز میں ان کی ایوریج 52.01 ہے مگر وہ کافی عرصے سے خود کو محدود اوورز کے فارمیٹس تک ہی محدود کیے ہوئے ہیں، دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ میں خون پسینہ ایک کرنے والے فواد عالم کو انضمام الحق نے قصہ پارینہ بنانے کا تہیہ کرلیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نوجوان کھلاڑیوں کو جگہ دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ فواد عالم عمر میں حارث سہیل سے صرف تین برس ہی بڑے مگر تجربے میں ان سے کوسوں آگے ہیں، حارث کے 57 فرسٹ کلاس میچز کی بانسبت فواد عالم کو135 چار روزہ میچز کا تجربہ حاصل ہے، جس میں انھوں نے منتخب ہونے والے بیٹسمین سے بھی زیادہ بہتر 56.51 کی اوسط سے 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں،اس میں 25 سنچریاں اور 54 ففٹیز شامل ہیں۔ انھوں نے 296 رنز ناٹ آئوٹ کی انفرادی اننگز بھی کھیلی ہے، فواد عالم کو ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری جڑنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا، اس کے باوجود انھیں یکسر نظر انداز کیے جانے پر کرکٹ حلقوں میں حیرانی ظاہر کی جا رہی ہے، ماہرین پہلے ہی سلیکشن کمیٹی کو ربڑ اسٹمپ اور انضمام کی صورت میں سارے کھیل کو 'ون مین شو' قرار دے چکے ہیں۔

مقبول خبریں