شادی کے لیے عمرکی حد 18سال مقررکرنے کابل مسترد

قائمہ کمیٹی داخلہ سیکریٹری کی عدم شرکت پر برہم، امریکی وزیردفاع کے بیان کی مذمت


لاپتہ افرادسے متعلق قائم کمیشن کی کارکردگی کا احتساب ہونا چاہیے، فرحت اللہ بابر فوٹو : فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکریٹری داخلہ کی عدم شرکت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ اجلاس میں بھی شرکت نہ کی گئی تو ان کو باضابطہ نوٹس جاری کیا جائے گا۔

چیئرمین کمیٹی نے سی پیک سے متعلق امریکی سیکریٹری دفاع کے حالیہ بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ امریکی سیکریٹری دفاع نے پاکستان دشمن ملک انڈیا کی زبان بول رہا ہے،سی پیک قدیم سلک روٹ کاتسلسل ہیں، اس کی مخالفت کے بجائے امریکہ کوبھی اس میں شریک ہونا چاہے۔ کمیٹی کااجلاس چیئرمین کمیٹی رحمٰن ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے داخلہ نے ملک میں لاپتہ افرادکمیشن کوموصول ہونے والے کیسز اوران کے حل سے متعلق تفصیل پیش کی۔انھوں نے کہاکہ لاپتہ افرادکمیشن کومجموعی طور پر کل 4 ہزار339 کیسز موصول ہوئے۔

جس میں سے کمیشن نے 2 ہزار 947 کیسزنمٹائے جبکہ باقی زیرسماعت ہیں۔صباح نیوزکے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے شادی کے لیے عمرکی حد 18سال مقررکرنے کے بل کو مسترد کر دیا ہے۔ سندھ اورپنجاب میں اس قسم کی قانون سازی پردینی جماعتوں کی طرف سے شدید اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

اجلاس کے دوران کراچی میں خواتین کو چاقوں مارکر زخمی کرنے کا معاملہ بھی پیش آیا۔کمیٹی چیئرمیں نے ملزمان کی گرفتاری میں کامیابی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں آئی جی سندھ اور سیکریٹری داخلہ سندھ کو آئندہ جلاس میں اس معاملہ پرکمیٹی کو بریف کرنے کے لیے بلانے کی ہدایت کی۔پیپلزپارٹی کے رہنما، سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں تجویز دی ہے کہ لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن کی کارکردگی کااحتساب ہوناچاہیے اوریہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے کہ جن قواعدوضوابط اورشرائط کے تحت مذکورہ کمیشن تشکیل دیاگیاتھا کیا وہ مقصد حاصل ہوسکا ہے؟ اجلاس میں لاپتہ افراد سے متعلق قائم کردہ کمیشن کے قیام سے اب تک '6 سالہ کارکردگی' کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر نسرین جلیل نے کی ۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ صرف پاکستانی شہریت کے حامل ہی نہیں بلکہ غیرملکی بھی لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔ دریں اثنا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس ٹیکسٹائل کا اجلا س ملتوی کر دیا گیا ہے ۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس 11اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد کیا جانا تھا جس میں بزنس آف میرین انشورنس کی ریگولیشن کے بل سمیت دیگر امور زیر بحث لائے جا نے تھے تاہم کمیٹی کا اجلاس 18 اکتوبر تک ری شیڈ ول کر دیا گیا ہے ۔

مقبول خبریں