ویتنام میں طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے37افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 12 اکتوبر 2017

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ہنوئی: ویتنام میں شدید بارشوں کے بعد طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم ازکم 37 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ویتنام کے وسطی اور شمالی علاقوں میں قدرتی آفات نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔ ایک ہزار سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔ ڈزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ طوفان اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ 15 ہزار سے زائد افراد محفوظ ٹھکانوں کے متلاشی ہیں اور بے سروسامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ممبئی میں غیر قانونی رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 17 افراد ہلاک

حکام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ تباہی ملک کے وسطی اور شمالی صوبوں میں ہوئی ہے جہاں شدید بارشوں کے بعد طوفانی صورتحال ہے جب کہ  لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ صوبے ہوابن میں گھروں پر پہاڑی تودہ گرنے سے درجنوں لوگ دب گئے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 37 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 40 سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ قدرتی آفات سے متاثرہ علاقوں میں فوج اور ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہیں اور لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے بحفاظت نکالنے کےلیے بھی ڈزاسٹرمینجمنٹ سیل اپنی کوششوں میں مصروف ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔