احتساب قانون کے مطابق ہوتا نظر آئے گا چیئرمین نیب

چیئرمین نیب کا ہرماہ کی آخری جمعرات ایک روز خود شکایات سننے کا فیصلہ


Numainda Express November 11, 2017
نیب ملازمین کی کارکردگی کے جائزہ کے لیے گریڈنگ سسٹم کی منظوری۔ فوٹو: فائل

چیئرمین قومی احتساب بیوروجسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ وہ 'احتساب سب کیلیے' کے اصول پرسختی سے عمل درآمد کرائیں گے اور احتساب قانون کے مطابق ہوتا نظر آئے گا۔

چیئرمین نیب نے اپنے پختہ عزم کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ وہ 'احتساب سب کیلیے' کے اصول پرسختی سے عمل درآمد کرائیںگے اور احتساب قانون کے مطابق ہوتا نظر آئے گا، کسی دباؤ اور سفارش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز اور نیب کے تمام ریجنل بیوروزکے علاوہ نیب کے تمام افسران و اہلکاروں کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے جامع معیاری گریڈنگ نظام کی منظوری دی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ جامع معیاری گریڈنگ نظام کے تحت تمام ریجنل بیورواور نیب کے تمام افسران/ اہلکاروں کی2017ء میں کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے تمام ریجنل بیورو/افسران کی نہ صرف خامیوں کی نشاندہی کی جائے گی بلکہ نا اہل، غیر ذمے دار اور قانون کے مطابق اپنی ذمے داریاں انجام نہ دینے والے ریجنل بیوروز/ افسران/ اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نیب میں شکایات کی تصدیق سے انکوائری، انکوائری سے انویسٹی گیشن اور ریفرنس دائرکرنے کیلیے مقرر10 ماہ کے وقت پر سختی سے عملدرآمدکرایا جائے گا۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو 2 بجے سے4 بجے تک بدعنوانی سے متعلق عوام کی شکایات خود نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سنیں گے، نیب کے سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔ قومی احتساب بیورو نے تمام شکایت کنندگان سے کہا ہے کہ وہ اپنی مکمل درخواستیں ٹھوس ثبوت اور اپنے قومی شناختی کارڈکے ساتھ لائیں اور وقت کی پابندی کا خیال رکھیں۔

مقبول خبریں