داعش نے لیبیا میں بھی اپنے ٹھکانے قائم کر لئے امریکی جنرل کا انکشاف

ہم داعش کے ٹھکانوں پرگہری نگاہ رکھے ہو ئے ہیں تاہم مستقبل قریب میں ان پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں، جنرل ڈیوڈ روڈ ریگوئز


ویب ڈیسک December 04, 2014
لیبیا میں داعش کے جنگجو دوسرے ممالک سے نہیں آئے بلکہ مقامی جنگجو ہیں جو داعش میں شامل ہو ئے ہیں، جنرل ڈیوڈ روڈریگویز۔ فوٹو؛ فائل

امریکا کے ایک اعلیٰ جنرل نے انکشاف کیا ہے کہ شام اور عراق میں حکومت کے خلاف بر سر پیکار جنگجو تنظیم داعش نے مشرقی لیبیا میں بھی اپنے تربیتی مراکز قائم کر لئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقا میں امریکی کمانڈ کے سربراہ جنرل ڈیوڈ روڈ ریگوئز کا کہنا ہے کہ داعش نے مشرقی لیبیا میں بھی اپنے تربیتی مراکز قائم کر لئے ہیں تاہم یہ ٹھکانے بہت ہی چھوٹے پیمانے پر ہیں اور ہم ان پر گہری نگاہ رکھے ہو ئے ہیں، مستقبل قریب میں داعش کے ان مراکز پر امریکا کا حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مراکز میں چند سو داعش جنگجو موجود ہیں اور امریکن فورسز ان مراکز پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ لیبیا میں داعش کے جنگجو دوسرے ممالک سے نہیں آئے بلکہ مقامی جنگجو ہیں جو داعش میں شامل ہو ئے ہیں۔

واضح رہے کہ لیبیا میں 2011 میں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد سے حالات کشیدہ ہیں جب کہ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ داعش کی سرگرمیوں سے افریقی ملک میں حالات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔

مقبول خبریں