کراچی میں ریس لگاتی بس نے بچی کو کچل دیا، والد شدید زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 نومبر 2017

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر تیزرفتار بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں 4 سالہ بچی سکینہ جاں بحق ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  کراچی  کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر دو بسوں کے درمیان ریس جاری تھی کہ بس ڈرائیور نے دوسری بس سے آگے نکلنے کی کوشش میں سامنے سے گزرنے والی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کی زد میں آکر موٹر سائیکل پر سوار 4سالہ سکینہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔

سکینہ یونیفارم میں ملبوس اسکول بیگ کے ہمراہ تھی اوراپنے والد کے ساتھ اسکول جارہی تھی کہ حادثہ پیش آگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایمبولینس فوراً جائے حادثہ پر پہنچی۔ بچی کی لاش اوروالد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جب کہ حادثے کا ذمہ دار بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا اور بس نے اوور ٹیک کرتے ہوئے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔

دوسری جانب مشتعل افراد نے احتجاجاً دو بسوں کو آگ لگا کرتوڑ پھوڑ کی اور پولیس پر پتھراؤبھی کیا جس کے باعث پولیس نے  جائے حادثہ پر احتجاج کرنے والے 10 مشتعل افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ تبت سینٹر سے نمائش جانے والا ایم اے جناح روڈ کا ٹریک بھی تاحال بند ہے۔ ایس پی صدر توقیر نعیم کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ تاہم جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرکے مفرور بس ڈرائیور کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔