بجلی صارفین کیلیے نئی ایپ ’روشن پاکستان‘ متعارف

صارفین لوڈشیڈنگ شیڈول، بل بارے معلومات کی تفصیلات ازخود حاصل کرسکیں گے۔


Numainda Express December 26, 2017
نئی ایپلی کیشن کی بدولت بجلی کے صارفین کو چوبیس گھنٹوں کا لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی دستیاب ہوگا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

حکومت نے بجلی صارفین کو لوڈشیڈنگ کے شیڈول، بل کی معلومات اور بل کیلکولٹرسے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلیے اینڈرائیڈ موبائل ایپلی کیشن 'روشن پاکستان' متعارف کرادی۔

پاور ڈویژن کے حکام نے بتایاکہ بجلی کے صارفین کو اپنے فیڈر سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیے پاور ڈویژن نے ایک نئی موبائل ایپلی کیشن روشن پاکستان متعارف کرادی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح وزیر بجلی اویس احمد خان لغاری آج پاور ڈویژن میں کریں گے.

حکام کے مطابق اس جدید موبائل ایپلی کیشن کو موبائل میں انسٹال کرنے کے بعد ہر صارف اپنے فیڈر سے متعلق تمام معلومات اپنے موبائل پر حاصل کرسکے گا۔ ایپلی کیشن موبائل میں ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد صارفین کو اپنا ریفرنس نمبر دینا ہوگا جس کے بعد وہ گرڈ اسٹیشن فیڈر کا نام فیڈر کی کٹیگری اور موجودہ اسٹیٹس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے.

روشن پاکستان ایپلی کیشن کے ذریعے صارفین اپنے فیڈر پرہونے والی چوری ، نقصان بھی دیکھ سکیں گے کہ ان کے فیڈر پر کتنی چوری ہورہی ہے جب کہ اس نئی ایپلی کیشن کی بدولت بجلی کے صارفین کو چوبیس گھنٹوں کا لوڈشیڈنگ کا شیڈول بھی دستیاب ہوگا۔

مقبول خبریں