امریکا کی خاطر افغان بھائیوں کو دشمن نہیں بنائیں گے سراج الحق

پاناما کیس میں شامل دیگر  436 افراد کا بھی احتساب ہونا چاہیے، امیر جماعت اسلامی


Numainda Express January 08, 2018
ڈالرز کے عوض اپنی عزتوں کا سودا ہرگز نہیں ہوگا، نواز کی عدلیہ پر تنقید بلا جواز ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے جڑانوالہ آمد کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان کو دوستوں کی ضرورت ہے، امریکا کی خاطر افغان بھائیوں کو دشمن نہیں بنائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ اچھا ہوا کہ امریکا نے امداد بند کر نے کا فیصلہ کیا، اس سے ہم میں خود اعتمادی پیدا ہوگی، اپنے وسائل میں اضافہ ہوگا اور ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے، امریکا کے ساتھ جو بھی دوستی کرتا خسارے میں رہتا ہے، 65ہزار شہادتوں کے بعد ہمیں اس دلدل میں نہیں جانا، امریکی امداد 250 ملین ڈالرز کے عوض ہم اپنی عزتوں کا سودا ہر گز نہیں کریںگے تاہم سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ہم مظلوم خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ مشرف ٹولے کی باقیات نے سیاست کو گند ہ کر دیا ہے، نوازشریف عدلیہ پر بلا جواز تنقید کر رہے ہیں اور اپنی کرپشن کو چھپانے کیلیے اداروں کے درمیان ٹکراؤ کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے بتایا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں پٹیشن دائر کی ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کے بعد پاناما کیس میں شامل دیگر 436 افراد کا بھی بلا امتیاز احتساب ہونا چاہیے اور پاناما کیس کے دیگر افراد کو بھی بلایا جائے، سپریم کورٹ نے نیب اور فیڈریشن کو سمن جاری کیے ہیں مگر عملی کارروائی شروع نہیں ہو سکی ہے جب کہ خود سپریم کورٹ کے وقار اور عزت کیلیے ضروری ہے کہ تمام لوگوں کا بے لاگ احتساب کیا جائے۔

 

مقبول خبریں