نارتھ کراچی بھتے کی عدم ادائیگی دکانوں پر فائرنگ معمول بن گئی

نامعلوم موٹرسائیکل سوارنےٹائروں کی متعدد دکانوں پراندھا دھندگولیاں برسادیں،واقعےکامقصدخوف پھیلانا تھا، پولیس ذرائع.


Staff Reporter March 23, 2013
بھتہ مافیا کی دیدہ دلیری سے دکانداروں کو مشکلات،اس سے قبل بھی بھتہ خوروں کی جانب سے پکوان سینٹر کے بکنگ آفس پر فائرنگ کی گئی تھی،پولیس تماشائی بن گئی فوٹو: فائل

ISLAMABAD: نارتھ کراچی میں بھتہ مافیا کی دیدہ دلیری نے دکانداروں کو شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار کر دیا ، بھتہ نہ دینے پر دکانوں پر فائرنگ کے واقعات معمول بنتے جا رہے ہیں۔

جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، ایک دکان پر بھتے کی پرچی بھیجی گئی تھی، نامعلوم موٹرسائیکل سوار نے ٹائروں اور ریمز کی متعدد دکانوں پر اندھا دھند گولیاں برسادیں، اس سے قبل بھی بھتہ خوروں کی جانب سے ایک پکوان سینٹر کے بکنگ آفس پر فائرنگ کی گئی تھی، تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے 11-A میں پٹرول پمپ کے قریب کاروں کے ٹائروں اور ریمز کی متعدد دکانوں پر موٹر سائیکل سوار ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں دکانوں پر آئے ہوئے گاہکوں اور دیگر عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انھوں نے زمین پر لیٹ کر اپنی جان بچائی ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایک ملزم جو کہ موٹر سائیکل پر سوارجس نے کالے رنگ کا ہلمٹ پہنا ہوا تھا مین روڈ پر کھڑے ہو کر ٹائروں کی دکانوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہوگیا تاہم ملزم فرار ہوتے ہوئے ٹریفک حادثے میں بچ گیا اور تیزی سے موٹر سائیکل بھاگا کر لے گیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پمپ کے قریب سروس روڈ پر قائم ٹائر کی دکانوں میں سے ایک دکان پر بھتے کی پرچی دی گئی ہے اور فائرنگ کا واقعہ دکاندار کو خوفزدہ کرنا تھا ۔

تاکہ وہ بھتے کی رقم فراہم کر دے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ناگن چورنگی فلائی اوور سے متصل اقبال پلازہ میں پکوان سینٹرز پر بھی بھتہ خوروں کی جانب سے بھتے کی پرچیاں دی گئی ہیں جس کی وجہ سے دکانداروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ اس سے قبل بھتہ خوروں کی جانب سے ایک پکوان سینٹر کے بکنگ آفس پر ناگن چورنگی فلائی اوور سے موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی تھی۔



جس کے باعث دیگر پکوان سینٹرز پر آنے والوں اور دکانداروں میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھتہ خور ایسی دکانوں کا بھی انتخاب کر رہے ہیں جن کی دکانوں پر لگے ہوئے بورڈ پر ٹیلی فون نمبر لکھے ہوئے ہیں ۔

جبکہ بھتہ خور آڈر بک کرانے کے بہانے بھی پکوان سینٹروں کی انتظامیہ کے موبائل نمبر اور دکانوں کے نمبر حاصل کرلیتے ہیں اور بعدازاں ان نمبروں پر رابطہ کر کے ان سے بھتہ طلب کرتے ہیں،پکوان سینٹر مالکان نے کہا ہے کہ پولیس اگر اپنی کارکردگی بہتر بنالیتی تو بھتہ خور شہر بھر میں آزادانہ وارداتیں نہیں کرسکتے تھے۔

مقبول خبریں