میٹرک بورڈانتظامیہ نے کیماڑی کا امتحانی مرکز تبدیل کردیا

پرنسپل نے دھمکی آمیزفون کالزموصول ہونے سے متعلق درخواست جمع کرائی تھی.


Safdar Rizvi April 06, 2013
پرنسپل نے دھمکی آمیزفون کالزموصول ہونے سے متعلق درخواست جمع کرائی تھی. فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سندھ کے ایک سابق گورنرکے شدید دباؤ کے بعد کیماڑی کے علاقے میں قائم امتحانی مرکز تبدیل کردیا ہے۔

جبکہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں قائم فیلڈ مارشل اسکول کی انتظامیہ کو نامعلوم افرادکی جانب سے آنے والی دھمکی آمیز فون کالزکے سبب مذکورہ اسکول سے بھی امتحانی مرکز ختم کردیاگیاہے ،ادھرکراچی کے بعض نجی اسکولوں کے مالکان نے کالعدم تنظیموں اور طالبان کا بہانہ بناتے ہوئے اپنے اسکولوں سے امتحانی مرکز ختم کرنے اور من مانے اسکولوں میں ''ایگزامنیشن سینٹرز '' قائم کرانے کے لیے بورڈ انتظامیہ پردباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے۔

ایک اسکول ایسوسی ایشن نے امتحانی مرکزکی تبدیلی کے لیے نجی تعلیمی اداروںکی معاونت شروع کردی تاہم بورڈ انتظامیہ نے نجی اسکولوں کی جانب سے آنے والے دباؤکو مستردکرنے کا فیصلہ کیاہے'' ایکسپریس'' کومعلوم ہوا ہے کہ سندھ کے ایک سابق گورنرنے بورڈ انتظامیہ پردباؤکیماڑی ٹاؤن میں قائم دوسرکاری اسکولوں سے امتحانی مرکز ختم کرانے کے لیے مختلف حلقوں سے شدید دباؤ ڈلوایا جس کے بعد بورڈانتظامیہ نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ایم ٹی خان روڈپی آئی ڈی سی اورگورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول انٹیلیجنس کالونی سلطان آباد سے طلبہ وطالبات کاامتحانی مرکز ختم کرکے اسے دیگراسکولوں میں منتقل کردیا۔



واضح رہے کہ دونوں سرکاری اسکول ایک مقامی این جی اونے گود لے رکھے ہیں مزید براں فیلڈمارشل اسکول کے پرنسپل کی جانب سے امتحانی مرکز ختم کرنے کے حوالے سے آنے والی درخواست پرفیصلہ کرتے ہوئے اس اسکول میں سے بھی امتحانی مرکزختم کردیاگیاہے مذکورہ اسکول کے پرنسپل نے بورڈمیں داخل کرائی گئی اپنی درخواست میں موقف اختیارکیا تھا کہ ان کا اسکول اتحاد ٹاؤن میں واقع ہے جوبلدیہ ٹاؤن کاایک خطرناک علاقہ ہے ۔

انھیں بھی گزشتہ چندروزسے دھمکی آمیزفون کالز موصول ہورہی ہیں لہذا ان کے اسکول سے امتحانی مرکز ختم کردیاجائے بصورت دیگرکسی بھی حادثے کی صورت میں بورڈانتظامیہ ذمے دارہوگی،واضح رہے کہ اس درخواست پربورڈانتظامیہ نے متعلقہ اسکول سے امتحانی مرکز قریب ہی واقع اسکول میں منتقل کردیاہے، ادھر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کومختلف علاقوں کے دیگرنجی اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے بھی امتحانی مرکزکی تبدیلی کے لیے شدیددباؤہے جبکہ نجی اسکولوں کی ایک ایسوسی ایشن بھی اسکولوں سے امتحانی مراکز کی منتقلی میں اپناکرداراداکررہی ہے۔

مقبول خبریں