ماڈلنگ کا شوق تھا فلموں میں حادثاتی طور پر آئی انوشکا شرما

جتنی پراعتماد نظر آتی ہوں اتنی ہوں نہیں،حقیقی زندگی میں بہت شرمیلی ہوں،انوشکا شرما


Showbiz Desk/APP April 08, 2013
اداکارہ بننے کی خواہش مند نہیں تھیں، انوشکا شرما۔ فوٹو: فائل

AUSTIN, TX, US: بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے کہا ہے کہ وہ حقیقی زندگی میں شرمیلی طبعیت کی مالک ہیں۔

فلم ''رب نے بنا دی جوڑی'' میں تانی کا کردار نبھانے والی 24 سالہ خوبرو اداکارہ انوشکا شرما نے کہا کہ وہ ٹی وی اسکرین اور فلموں میں جتنی پراعتماد نظر آتی ہیں وہ اتنی ہیں نہیں، وہ حقیقی زندگی میں سادہ اور شرملی طبیعت کی ہیں، اداکارہ انوشکا نے کہا کہ انھوں نے متعدد سپرہٹ فلموں جن میں رب نے بنا دی جوڑی، بینڈ باجا بارات، لیڈیز ورسز ریکی بیل اور جب تک ہے جان میں کردار نبھایا ہے جنھیں پذیرائی بھی ملی۔ وہ چیلنجنگ کردار نبھانا پسند کرتی ہے اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ اداکارہ بننے کی خواہش مند نہیں تھیں۔

وہ فلم انڈسٹری میں اتفاق سے آئی ہیں۔ وہ بنگلور سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ ایسے بچوں میں سے نہیں ہیں جو فلمیں دیکھ کر بڑے ہوتے ہیں۔ انیس سو اٹھاسی میں بھارت میں پیدا ہونے والی انوشکا شرما اداکاری کے شعبے میں آنے سے قبل ماڈلنگ سے وابستہ تھیں۔ دوہزار آٹھ میں ادتیا چوپڑا نیا نہیں یش راج چوپڑا کے بینر تلے تین فلموں کے لیے سائن کیا۔ اداکارہ نے فلمی کرئیر کا آغاز فلم رب نے بنا دی جوڑی سے شاہ رخ کے مدمقابل کیا۔ دوہزار دس میں انھیں فلم بینڈ باجا بارات پر بہت داد ملی اور ان کی فلم میں کارکردگی کو ناقدین نے بہت سراہا۔

دونوں فلموں پر ان کی فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بہترین اداکارہ کے طور پر نامزدگی ہوئی ۔ دوہزار بارہ میں انھیں یش چوپڑا کی رومانٹک فلم جب تک ہے جان میں بہترین کارکردگی پر فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکار ہ کے ایوارڈ سے نواز گیا۔ انوشکا شرما کے والد کرنل اجے کمار شرما ایک آرمی افسر ہیں جب کہ ان کی والدہ ایک ہائوس وائف ہیں۔ اداکارہ کا ایک بڑا بھائی ہے جو مرچنٹ نیوی میں ہے۔ ابتدائی تعلیم آرمی اسکول سے حاصل کرنے کے بعد گریجوایشن مائونٹ کارنل کالج بنگلور سے حاصل کی۔ اس کے بعد انھوں ماڈلنگ کا شعبہ اختیار کرنے کے لیے ممبئی کی راہ لی جہاں آج کل وہ رہائش پزیر ہیں۔



 

بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ ماڈلنگ میں خود کو منوانا چاہتی تھیں اور انھیں فلموں میں کام کرنے کا اتنا زیادہ شوق نہیں تھا۔ انھوں نے ماڈل لکمی فیشن ویک سے شروع کی اور دوہزار سات میں فائنل جیتا۔ اب تک وہ سلک اینڈ شائن ، وسپر ، نتھیلا جیولری اور فیئٹ کے لیے ماڈلنگ کرچکی ہیں۔ فلمی کرئیر کا آغاز انھوں نے دوہزار آٹھ میں فلم رب نے بنادی جوڑی سے شاہ رخ کے ساتھ کیا۔ اس فلم میں ان کی کارکردگی کو بہت سراہا گیا اور فلمی ناقد ترن ادرش کا ان کی کارکردگی کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان میں اداکاری کے دوران کمال کا اعتماد دیکھا گیا ہے۔

شاہ رخ خان جیسے بڑے اداکار کے ساتھ کام کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوتا تاہم اداکارہ نے شروع سے فلم کے اختتام تک خوب اداکاری کی ۔ فلم کو باکس آفس پر بہت زیادہ کامیابی ملی اور سال کے اختتام پر اسے آل ٹائم بزنس کرنے والی فلموں میں دوسری ریٹنگ ملی۔ ان کی دوسری فلم بدمعاش کمپنی دوہزار دس میں ریلیز ہوئی جس کے بعد رن ادرش نے انھیں فلمی دنیا میں نیا انقلاب قرار دیا۔ اسی سال انھوں نے یش راج کے ساتھ تین فلموں کا جو معاہدہ کیا تھا وہ مکمل ہوا اور انھوں نے ان کی تیسری فلم بینڈ باجا ار بارات اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ کی۔ فلم میں انوشکا نے ایک پنجابی لڑکی کا کردار ادا کیا جو شادی پلاننگ کا بزنس کرتی ہے اور اپنے ہی پارٹنر کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہے۔

فلم میں کام کرنے کے لیے اداکارہ کو خاص پنجابی لہجہ سیکھنا پڑا جو کہ ایک مشکل کام تھا۔اداکارہ کی فلم بینڈ باجا بارات دسمبر دوہزار دس میں ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ۔ فلم نے صرف پانچ ہفتوں میں اکیس کروڑ سے زائد کا بزنس کیا۔ فلمی ناقدین کا کہنا تھا کہ فلم میں اداکارہ نے خوب ذمے داری نبھائی ہے اور کسی بھی موقع پر یہ ثابت نہیں ہونے دیا کہ وہ فلم انڈسٹری میںنووارد ہیں۔ فلم میں عمدہ کارکردگی پر انوشکا کی فلم فیئر ایوارڈ میں دوسری دفعہ بہترین اداکارہ کے طور پر نامزدگی ہوئی جب کہ کئی دوسری تقریبات میں ایوارڈ حاصل کیے اور ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئیں۔

یش راج کے ساتھ معاہدے کے خاتمے کے بعد انھوں نے اکشے کے ساتھ پٹیالہ ہائوس کی جو دوہزار گیارہ کو ریلیز ہوئی جوایک اوسط درجے کی فلم ثابت ہوئی۔دسمبر دوہزار گیارہ میں انوشکا ایک دفعہ پھر بینڈ باجا بارات کی ٹیم کے ساتھ جڑیں اور یش راج کی فلم لیڈیز ورسز رکی بیل کی جس نے بھی اوسط درجے کا بزنس کیا۔ دوہزار بارہ میں انوشکا کی یش راج چوپڑا کے ساتھ رومانوی فلم جب تک ہے جان تھی جس میں انھوں نے شاہ رخ اور کترینہ کیف کے ساتھ کام کیا۔ یہ فلم یش چوپڑا کی آخری فلم تھی ۔ انوشکا کوفلم میں کارکردگی پر بہترین معاون اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ حال ہی میں انوشکا نے رنبیر کپور کے مقابل فلم بمبے ویلوٹ سائن کی ہے۔

مقبول خبریں