روشنیوں کے جھرمٹ میں کامن ویلتھ گیمز کا آغاز ہو گیا

افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے کا بھی مارچ پاسٹ، قومی پرچم عثمان امجدنے تھاما،ہاکی ٹیم آج ویلز کا سامنا کرے گی۔


Sports Reporter April 05, 2018
افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے کا بھی مارچ پاسٹ، قومی پرچم عثمان امجدنے تھاما،ہاکی ٹیم آج ویلز کا سامنا کرے گی۔ فوٹو: اےا یف پی

روشنیوں کے جھرمٹ میں 21 ویں کامن ویلتھ گیمز کا آغاز ہو گیا۔

21 ویں کامن ویلتھ گیمز کی افتتاحی تقریب میٹریکون اسٹیڈیم گولڈ کوسٹ میں منعقد ہوئی جہاں 35 ہزار کے قریب تماشائیوں کی موجودگی میں فاکس ویگن میں لائی گئی مشعل کو آسٹریلیا کے مختلف لیجنڈز کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کا چکر لگا کر مقررہ مقام پرروشن کیا جس کے بعد گیمزکے باقاعدہ آغازکااعلان کیا گیا اس موقع پرآسٹریلیا کا قومی ترانہ پڑھا گیا اور کھلاڑیوں سے روایتی حلف لیا گیا۔

مارچ پاسٹ میں سب سے پہلے اسکاٹ لینڈ جبکہ آخر میں پانچویں بار کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کرنے والے آسٹریلیا کا دستہ اسٹیڈیم میں داخل ہوا پاکستان کے جانب سے ویٹ لفٹر عثمان امجد راٹھور قومی پرچم کے ساتھ چیف ڈی مشن جنرل مزّمل حسین ،کھلاڑیوں اورآفیشلز کے ہمراہ گراؤنڈ میں داخل ہوئے۔

تقریب میں برطانیہ کے پرنس چارلس اور ان کی اہلیہ کومیلا نے خصوصی شرکت کی افتتاحی تقریب ہرلحاظ سے قابل دیدتھی جہاں آتشبازی اور لیزر شو نے شائقین کو اپنے سحرمیں جکڑ لیا وہیں موسیقی پر فنکاروں کے دلفریب ثقافتی رقص اور دیوہیکل شارک کے ماڈل کی اسٹیڈیم آمد پر حاضرین نے دل کھول کے داد دی۔

اس موقع پر گیمز آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پیٹر بائیٹے نے تمام ممالک کی ٹیموں کوخوش آمدید کہتے ہوئے سب کا خیرمقدم کیاان گیمز کی میزبانی کوآسٹریلیا کااہم معرکہ قرار دیا جمعرات سے ساڑھے 6 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی مختلف کھیلوں میں 275میڈلزکے حصول کیلیے قسمت آزمائی کاآغازکریں گے۔

پاکستان کے بدھ 5 اپریل کوکھیلے جانے والے مقابلوں میں ٹیبل ٹینس مکس ٹیم ایونٹ میں صبح 9 پاکستان کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ جبکہ شام 7 بجے بھارت سے ہوگا، باکسنگ میں گل زیب ولیہم کے مدمقابل ہوں گے رات ساڑھے7 بجے پاکستان ہاکی ٹیم ویلز سے مقابلہ کرے گی جبکہ اسکواش میں طیب اسلم کا مقابلہ نویلی سے جبکہ فرحان ظفر کا جوزف سے ہوگا۔

خواتین ایونٹ میں مدینہ ظفراور فائزہ ظفرایکشن میں ہونگی، سوئمنگ میں 100 میٹر بیک اسٹروک میںحسیب طارق جبکہ ویٹ لفٹنگ ایونٹ مین عبداللہ غفور 56 کے جی اور طلحہ طالب 62 کے جی کے مقابلے میں حصہ لیں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں