کامن ویلتھ گیمز قومی ہاکی ٹیم میڈلز کی دوڑ سے باہرہوگئی

آج ملائیشیا سے غیر اہم مقابلہ، باکسر آصف کوارٹر فائنل میں حصہ لیں گے


Sports Desk April 11, 2018
بیڈمنٹن، اسکواش، شوٹنگ اور ٹیبل ٹینس کے بیشترمقابلوں میں پاکستان ناکام ۔ فوٹو: فائل

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی ہاکی ٹیم میڈلزکی دوڑ سے باہر ہوگئی پول ''بی'' میں انگلینڈ اور بھارت کی فتوحات سے اگر مگر کا چکر ختم ہوگیا فلائی ویٹ باکسنگ کے کوارٹر فائنل میں محمد آصف بدھ کو اسکاٹش ریس میک فدین کے چیلنج کا سامنا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے پول ''بی'' میں ویلز،بھارت اور انگلینڈ کیخلاف میچز برابر کھیلے، ٹیم کی سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں باقی رہنے کا انحصار اس بات پر تھا کہ ملائیشیا اور بھارت کا میچ ڈرا ہو، پاکستان ملائیشیا کو ہرائے جبکہ بھارتی ٹیم آخری میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کا شکار ہو جائے، بلوشرٹس نے اس کی نوبت نہیں آنے دی اور ملائیشیا کو 2-1 سے مات دیتے ہوئے 7پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، انگلینڈ نے ویلز کو 3-2 سے زیر کرکے اتنے ہی پوائنٹس لے کر فائنل فور میں رسائی پائی، پاکستانی ٹیم بدھ کوملائیشیا کیخلاف میدان میں اترے گی۔

اس میچ میں فتح وشکست سے قطع نظرگرین شرٹس کا ایونٹ میں سفر ختم ہوچکا۔ دریں اثناء مینز فلائی ویٹ باکسنگ کے کوارٹر فائنل میں محمد آصف بدھ کو اسکاٹش ریس میک فدین کے چیلنج کا سامنا کریں گے، بیڈمنٹن کے ویمنز سنگلز میں ماہ نور شہزاد نے فجی کی علیسا کو 2-0 سے ہرا کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی، پلوشہ بشیر کو ماریشس کی نکی چالم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، مینز سنگلز میں مراد علی کو سری لنکن بیوانکا نے شکست دی، مکسڈ ڈبلز میں دونوں ٹیموں کو مات ہوئی، مینز ڈبلز میں آسٹریلیا نے2-0 سے زیر کیا۔

شوٹنگ کے 50 میٹر پرون پوزیشن رائفل میں غفران عادل 23، ویمنزاسپورٹس پسٹل25 میٹر میں مہوش سہیل11 ویں نمبر پر رہیں، اسکواش مکسڈ ڈبلز میں فرحان زمان اور فائزہ ظفر نے گیانا کے سنیل سیٹھ اور ٹیلرفرنینڈس کوہرا دیا، مکسڈ ڈبلز میں بھارت کے سارو گوشل اوردپیکا کارتک نے طیب اسلم اورمدینہ ظفر، ویمنز ڈبلز میں بھارتی جوشنا چیناپا اوردپیکا کارتک نے فائزہ ظفر اور مدینہ ظفرکو زیر کیا، ٹیبل ٹینس میں پاکستان کے محمدرمیز نے دونوں میچز میں فتح پائی، فہد خواجہ اور فاطمہ خان دونوں میچز ہار گئے،حریم انور بھی ناکام رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں