چنئی میں شائقین کی ہنگامہ آرائی فاف ڈوپلیسی کی جانب بھی جوتا اچھال دیا

چنئی میں شائقین کی ہنگامہ آرائی، فاف ڈوپلیسی کی جانب بھی جوتا اچھال دیا


Sports Desk April 11, 2018
چنئی میں شائقین کی ہنگامہ آرائی، فاف ڈوپلیسی کی جانب بھی جوتا اچھال دیا؛ فوٹوانٹرنیٹ

چنئی سپر کنگز اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان چدمبرم اسٹیڈیم میں منگل کی شام کھیلے گئے میچ میں بعض تماشائیوں کی جانب سے فیلڈ میں جوتے اچھالے گئے۔

فیلڈ میں اچھالے گئے جوتوں میں سے کچھ لانگ آن بائونڈری پر فیلڈنگ کرنے والے رویندرا جڈیجا اور ساتھی کھلاڑیوں کیلیے پانی لے جانے والے فاف ڈوپلیسی کے قریب بھی گرے، پولیس ہنگامہ آرائی کرنے والے گروپ کو نہ صرف اسٹیڈیم سے باہر لے گئی بلکہ انھیں حراست میں بھی لے لیا، میچ سے قبل ہی چنئی کا ماحول کافی کشیدہ تھا، مختلف مقامی سیاسی جماعتوں کی جانب سے آئی پی ایل میچز کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا، یہ تنازع تامل ناڈو اور قریبی اسٹیٹ کرناٹکا کے درمیان پانی کی تقسیم کے حوالے سے جاری ہے۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے 4 ہزار اضافی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ چنئی سپر کنگز کی ٹیم تقریباً تین برس بعد اپنے ہوم گرائونڈ پر میچ کھیل رہی تھی، دوپہر کو بھی چدمبرم اسٹیڈیم کے قریبی روڈ پر احتجاج ہوا جس کی وجہ سے آفیشلز و کولکتہ کی ٹیم تاخیر سے اسٹیڈیم پہنچی، ٹاس میں بھی 13 منٹ کی تاخیر ہوئی تاہم مقابلہ وقت پر شروع ہوا۔ چنئی سپر کنگز کو رواں ایڈیشن میں مجموعی طور پر اپنے 7 میچز ہوم گرائونڈ میں کھیلنے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں