گوادر، میرپور اور آزاد کشمیر میں ریڈیو اسٹیشن تعمیر کیے جائیں گے

ذوالفقار بیگ  ہفتہ 21 اپريل 2018
وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں 30 کروڑ 30 لاکھ کی منظوری دے دی۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے آئندہ بجٹ میں 30 کروڑ 30 لاکھ کی منظوری دے دی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  وفاقی حکومت نے گوادر، میر پوراور مظفرآباد میں ریڈیو اسٹیشن کی تعمیر کیلیے 30 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت اطلاعات نے اپنے ذیلی ادارے پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کیلیے نئے مالی سال کے بجٹ میں یہ رقوم مختص کرنے کامطالبہ کیا تھا۔ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی بی سی کی بجٹ تجاویز پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے تھیں تاکہ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جاسکے ۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ منصوبوں کیلئے پی سی ون تیار کر لیے گئے ہیں۔تین رکنی کمیٹی ان منصوبوں کا جائزہ لے کر ماہانہ رپورٹ وزارت کو ارسال کرے گی۔ یا رہے کہ ان تینوں منصوبوںکیلئے بلوچستان کی صوبائی اور آزاد جموں کشمیر کی حکومت نے اراضی مہیا کی ہے ۔

ثقافت اجاگرکرنے کیلیے وژن2030 متعارف کرانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے دنیابھرمیں پاکستانی ثقافت کو اجاگرکرنے کیلیے وژن2030 متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا جس کے تحت ملک میں اور بیرون ممالک میں پاکستانی کلچرل فروغ دیاجائے گااورفنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والے ہنرمندوں، دستکاروں، فنکاروں کو بطور کلچرل ( اتاشی) سفیر بنایا جائے گا۔

ایکسپریس کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وفاق کی طرف سے تیارکی جانے والی ملکی تاریخ کی پہلی کلچرل پالیسی کے ڈرافٹ میں کہا گیا وفاق اور صوبوں، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کی مشاورت سے ویژن 2030متعارف کرایا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔