ششانک منوہرکو2برس کی توسیع ملنے کاامکان روشن

بھارت نے اچانک اختلافات بھلا دیے، پی سی بی بھی ایشین بلاک کے نام پر راضی


Sports Desk April 25, 2018
 جائلز کلارک کا ساتھ خود اپنے انگلش بورڈ چیئرمین کولن گریوس نے چھوڑ دیا فوٹو : فائل

آئی سی سی چیئرمین ششانک منوہرکو2 برس کی توسیع ملنے کا امکان روشن ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کولکتہ میں جاری آئی سی سی میٹنگز کے دوران چیئرمین آئی سی سی کے عہدے کیلیے بھی جوڑ توڑ جاری ہے، صورتحال میں اچانک آنے والی تبدیلی نے منوہر کے آئندہ 2 برس کیلیے بھی ٹاپ عہدے پر برقرار رہنے کا راستہ ہموار کردیا، منوہر کے عہدے کی مدت رواں برس جون میں ختم ہورہی ہے۔

وہ پہلے ہی واضح کرچکے کہ اگر انھیں متفقہ طور پر منتخب کیا گیا تو وہ کام جاری رکھیں گے بصورت دیگر انتخاب میں حصہ نہیں لینگے۔ ایک بھارتی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیاکہ بی سی سی آئی شروع میں ماضی کے معاملات کی وجہ سے انھیں سپورٹ نہیں کررہا تھا مگر اچانک نہ صرف اس نے اپنی حمایت کا وزن منوہر کے پلڑے میں ڈالا بلکہ پی سی بی کو بھی اس بات پر راضی کیا گیاکہ وہ ایشین بلاک کی خاطر انھیں ہی سپورٹ کریں۔ ششانک منوہر کے حق میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اپنے ہی سابق سربراہ کلارک کی سپورٹ سے دستبردار ہوگیا۔

موجودہ سربراہ گریوس کو کلارک کے کیس میں کوئی دلچسپی نہیں، ان کا موڈ دیکھتے ہوئے پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا نے بھی کلارک کی حمایت کا ارادہ ترک کردیا۔رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ مستقبل میں کولن گریوس خود آئی سی سی کے چیئرمین بننا چاہتے ہیں اس لیے انھوں نے کلارک کا راستہ روکا۔آئی سی سی کے چیئرمین کی اگلی مدت کے بارے میں کوئی بھی حتمی فیصلہ کولکتہ میں جاری میٹنگز میں ہی کیا جائے گا جس کی توثیق جون کے سالانہ اجلاس میں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں