واٹر بورڈ آن لائن سینٹر قائم ’’ ایک فون کال پر پانی کا ٹینکر ملے گا ‘‘

مختلف علاقوں میں ٹینکروں کی مساویانہ فراہمی کے لیے ٹینکرز کا کوٹہ مختص


Staff Reporter May 09, 2018
شہری ہائیڈرنٹس پرطویل قطار وں میں کھڑے رہتے تھے فوٹو: فائل

ISLAMABAD: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی نے شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن ٹینکرز سینٹر قائم کردیا ہے شہری آن لائن ٹینکرز سینٹرسے صرف ایک فون کال پر پانی کا ٹینکر باآسانی حاصل کرسکیں گے۔

ایم ڈی واٹربورڈخالد محمود شیخ کے اقدام سے شہریوں کوواٹر ہائیڈرنٹس پر ٹینکرزکے حصول کیلیے طویل قطار نہیں لگانی پڑے گی اور نہ ہی انھیں طویل انتظار کرنا پڑے گا، واٹر ٹینکر مہنگے فروخت کرنے کا خاتمہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے ٹینکرز اینڈ ہائیڈرنٹس سیل نے ٹینکرز کے ذریعے پانی کے حصول کے خواہش مند شہریوں کیلیے واٹربورڈ آن لائن ٹینکرز سینٹر قائم کردیا ،اب شہری صبح 9 سے 5 بجے شام تک صرف ایک ٹیلی فون کال پر گھر بیٹھے ٹینکرحاصل کرسکیں گے،آن لائن ٹینکر سینٹرکے فون نمبر 99245152 ، 99245178 ، 99240802 جاری کردیے گئے ہیں ،مزید ٹیلی فون نمبر بھی حاصل کیے جارہے ہیں، جن کو جلد مشتہر کردیا جائے گا۔

شہر کے مختلف علاقوں کے مکینوں میں ٹینکروں کی مساویانہ فراہمی کے لیے واٹربورڈ نے ٹینکرز کا کوٹہ مختص کردیا ہے جس کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر جنرل پبلک سروس کے تحت ٹینکرز فراہم کیے جائیں گے، کسی علاقے کاجنرل پبلک سروس کوٹہ ختم ہونے کی صورت میں سینٹر کا عملہ صارف کو کمرشل ٹینکر کی پیشکش کرے گا ،صارف کے انکار کی صورت میں اس کی درخواست اگلے روزجنرل پبلک سروس کوٹے کیلیے محفوظ کرلی جائے گی، ٹینکرکے حصول کیلیے آن لائن سینٹر سے رجوع کرنے والے کو اپنا مکمل پتہ، ٹینکر وصول کرنے والے شخص کا فون نمبر اور مطلوبہ مقدار کے ٹینکر سے آگاہ کرنا ہوگا۔

ہائیڈرنٹ سے ٹینکر روانہ ہوتے ہی صارف کو ٹینکر ڈرائیور کا نام ، ٹینکر کا نمبر ،وقت اور ٹینکر کی رقم سے متعلق بذریعہ فون آگاہ کیا جائے گا،ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹینکر کے نرخ کی ادائیگی صرف ٹینکر ڈرائیور کو رسید دینے پر ہی کی جائے،شہری مشتہر کیے گئے نرخ (رسید پر درج رقم)سے زائد رقم ٹینکر ڈرائیور کو ہر گز ادا نہ کریں،زائد رقم طلب کرنے پرٹینکرکا نمبر فون نمبر 021-99245020 پر درج کرایاجائے ، جس پر فوری کارروائی کی جائے گی، شکایت درج کرانے پرشکایت نمبر فراہم کیا جائے گا اور جلد از جلد زائد رقم کی واپسی ممکن بنائی جائے گی،شہری ٹینکرز کے حصول میں واٹربورڈ سے تعاون کریں۔

اچھے شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی باری کا انتظار کریں،مزید برآں ایم ڈی واٹربورڈ کے اس اقدام کو شہری حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ، واٹربورڈ کے پبلک ریلشن ڈپارٹمنٹ، کمپلینٹ سینٹر اور دیگر دفاتر کے فون نمبروں پر شہریوں کی ٹیلی فون کالز کا تانتا بندھا رہا ،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے فون کرکے ایم ڈ ی واٹربورڈ کی اس کوشش کوسراہا اور اس کی کامیابی کیلیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، خصوصاًبزرگ شہریوں اور خواتین نے کہا کہ ایم ڈی واٹربورڈ کے اس اقدام سے واٹر بورڈ کی ساکھ بہتر ہوگی ،بزرگ اور خواتین سمیت دیگر شہریوں کو نہ لمبی لمبی قطار میں لگنا پڑ ے گا اور نہ ہی طویل انتظار کی زحمت گوارا کرنا پڑے گی۔

مقبول خبریں